گیرتھ بیل نے ویلز کو تاریخی مقام پر لاکھڑا کر دیا

گیرتھ بیل نے یورو 2016 میں ویلز کی طرف سے کیے جانے آٹھ گولوں میں سے پانچ گول کیے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنگیرتھ بیل نے یورو 2016 میں ویلز کی طرف سے کیے جانے آٹھ گولوں میں سے پانچ گول کیے ہیں

ریال میڈرڈ کے سٹار سٹرائیکر اور دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی گیرتھ بیل نے اپنے ویلز کو 58 برس بعد پہلی بار یورو 2016 کھیلنے کے لیے کوالیفائی کرنے کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔

ویلز نے جمعرات کی شام کو نکوسیا کی گرمی میں قبرص کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔ یورو 2016 کوالیفائنگ راؤنڈ میں یہ ویلز کی مسلسل ساتویں فتح ہے اور تقریباً ہر میچ میں گیرتھ بیل نے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

گیرتھ بیل نے یورو کوالیفائنگ راؤنڈ میں کھیلے گئے میچوں میں ویلز کی طرف سے کیے جانے والے آٹھ گولوں میں پانچ گول کیے ہیں اور اگر ویلز نے چھ ستمبر، اتوار کو کارڈف میں اسرائیل کو شکست دے دی تو ان کا ملک 58 برس بعد یورو کپ کھیلنے کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔

ویلز یورو 2016 کے پہلے مرحلے میں اسرائیل کو تین صفر سے واضح شکست دے چکا ہے جس میں گیرتھ بیل نے تین میں سے دو گول کیے تھے۔

ریال میڈرڈ نے دو برس قبل گیرتھ بیل کو انگلش فٹبال کلب ٹوٹنہم سے 8.6 کروڑ یورو میں خریدا تھا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنریال میڈرڈ نے دو برس قبل گیرتھ بیل کو انگلش فٹبال کلب ٹوٹنہم سے 8.6 کروڑ یورو میں خریدا تھا

نکوسیا میں کھیلے جانے والے یورو کوالیفائنگ میچ میں گیرتھ بیل زیادہ عمدہ کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے تھے لیکن میچ کے خاتمے سے آٹھ منٹ پہلے انھیں ایک موقع ملا جسے انھوں نے انتہائی خوبصورتی سے گول میں بدل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔

ویلز کی ٹیم اسی طرح کے یوور کوالیفائنگ راؤنڈ میں 2005 اور 2007 میں قبرص سے ہار چکی ہے۔

یورو 2016 کے کوالیفائنگ راونڈ میں ویلز نے سات میچ کھیل کر 17 پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں جبکہ بیلجیئم دوسرے نمبر پر ہے جس نے سات میچوں میں 14 پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں۔

جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں ویلز کے دفاعی کھلاڑی ایشلے ولیم دیوار بنے رہے اور کسی بھی قبرصی کھلاڑی کوگول کرنے کا موقع نہیں دیا۔ ایشلے ولیم کو ان کی شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔