کولمبو میں پہلے دن کا کھیل بارش سے متاثر

،تصویر کا ذریعہGetty
سری لنکا اور بھارت کے درمیان تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے دن بارش کی وجہ سے صرف 15 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں جمعے کو سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور 14 کے مجموعی سکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئی تھیں۔
پہلی وکٹ دو کے مجموعی سکور پر گری جب راہل کو پرساد نے بولڈ کیا جبکہ ریہانے آٹھ رنز بنا کر پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
تاہم اس کے بعد روی پجارا اور کپتان وراٹ کوہلی نے تیسری وکٹ کے لیے 36 رنز کی شراکت ہی قائم کی تھی کہ تیز بارش شروع ہوگئی۔
بارش کی وجہ سے کھانے کا وقفہ بھی جلد کیا گیا لیکن اس کے بعد بھی دن بھر کھیل ممکن نہیں ہو سکا۔
جب کھیل روکا گیا تو بھارت نے دو وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز بنائے تھے اور سنیچر کو اسی سکور سے بھارتی بلے باز اننگز دوبارہ شروع کریں گے۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اس وقت ایک ایک سے برابر ہے۔
سیریز کے پہلے میچ میں رنگانا ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا نے بھارت کو 63 رنز سے ہرایا تھا۔
اس کے بعد بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 278 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔



