’باکسنگ کا بےپناہ ٹیلنٹ ہے مگر صحیح سرپرستی کی ضرورت ہے‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
برطانوی باکسر عامر خان کی خواہش ہے کہ وہ پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے موثر کردار ادا کریں اور وہ اس ضمن میں پاکستان کے مختلف شہروں میں اکیڈمیز کے ذریعے نوجوان ٹیلینٹ کو سامنے لانا چاہتے ہیں۔
عامر خان ان دنوں پاکستان آئے ہوئے ہیں اور اپنے دورے کے آخری مرحلے میں انھوں نے کراچی میں لیاری کے علاقے کا دورہ کیا جسے ملک میں باکسنگ کا گڑھ کہا جاتا ہے۔
عامر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلینٹ موجود ہے اور اگرنوجوان باکسرز کی صحیح طور پر سرپرستی کی جائے اور ٹریننگ اور کوچنگ کے مواقع فراہم کیے جائیں تو پاکستانی باکسرز بین الاقوامی سطح پر غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔
عامر خان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخواہ، پنجاب اور سندھ میں باکسنگ سکولز قائم کریں جہاں نوجوان باکسرز کو تربیت دی جائے۔
انھیں یقین ہے کہ ’بہترین باکسرز تیار کرکے دہشت گردی کو بھی ختم کیا جا سکتا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنا تجربہ پاکستانی باکسرز کو منتقل کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ اولمپکس تک رسائی حاصل کرسکیں۔
عامر خان خود سنہ 2004 کے اولمپکس میں برطانیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں جس کے بعد انھوں نے پروفیشنل باکسنگ میں شمولیت اختیار کرلی اور اس میں بھی دو بار عالمی چیمپیئن رہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
واضح رہے کہ باکسنگ ایک ایسا کھیل ہے جس میں پاکستان نے بین الاقوامی مقابلوں میں ہمیشہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
پاکستان کے حسین شاہ نے سنہ 1988 کے سیول اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
ان کے علاوہ پاکستانی باکسرز کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز، ساؤتھ ایشین گیمز اور دیگر بڑے مقابلوں میں طلائی تمغے جیت چکے ہیں۔
گذشتہ سال محمد وسیم نے کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کاتمغہ جیتا تھا لیکن حالیہ برسوں میں یہ کھیل حکومت کی عدم توجہ کا شکار ہے اور پاکستانی باکسرز کو غیرملکی دوروں پر جانے کے برائے نام مواقع میسر آتے ہیں جس کی وجہ فنڈز کی کمی بتائی جاتی ہے۔
پاکستانی باکسرز کو ان دنوں بہت مشکلات کے بعد ایشین باکسنگ چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے تھائی لینڈ جانے کا موقع مل سکا ہے تاہم اس سکواڈ میں محمد وسیم شامل نہیں ہیں جنھوں نے مناسب ٹریننگ نہ ہونے کے سبب جانے سے انکار کردیا تھا۔



