’دانش کنیریا کو بلانے کا فیصلہ نادانستگی میں ہوا‘

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں اس سے وضاحت طلب کی جا رہی ہے کہ اس نے سپاٹ فکسنگ میں تاحیات پابندی کا سامنا کرنے والے لیگ اسپنر دانش کنیریا کو اپنے ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں کیوں مدعو کیا۔
واضح رہے کہ کمشنر کراچی کرکٹ ٹورنامنٹ کی نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن نے لیگ اسپنر دانش کنیریا کو نہ صرف مدعو کیا بلکہ انھیں شیلڈ بھی پیش کی گئی اور اس موقعے پر دانش کنیریا نے تقریر بھی کی۔
اخباری اطلاعات کے مطابق کے سی سی اے کے صدر اعجاز فاروقی کا کہنا ہے کہ دانش کنیریا کو تقریب میں بلائے جانے کا فیصلہ نادانستگی میں ہوگیا جس پر انھیں افسوس ہے اور آئندہ اس ضمن میں احتیاط برتی جائے گی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس تقریب میں ٹیسٹ کرکٹر سرفراز احمد اسد شفیق اور انور علی کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے مشیر صلاح الدین صلو بھی موجود تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان نے کے سی سی اے کی جانب سے دانش کنیریا کو اپنی تقریب میں بلائے جانے پر سخت برہمی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ ان دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ اور کے سی سی اے کے درمیان کراچی کی دو ٹیموں کو قائداعظم ٹرافی میں کھلائے جانے کے معاملے پر بھی تنازع جاری ہے اور کرکٹ بورڈ اپنے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر کے سی سی اے کے صدر اعجاز فاروقی کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر چکا ہے۔
دانش کنیریا کے معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ناراضی پہلی بار نہیں ہوئی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے بھی اس نے اپنے سابق مارکیٹنگ مینیجر بدر رفاعی سے جواب طلبی کی تھی جو امریکہ میں ہونے والے اس ٹی 20 ٹورنامنٹ میں موجود تھے جس میں دانش کنیریا کھیلے تھے۔
دانش کنیریا پر انگلش کاؤنٹی ایسیکس کی طرف سے کھیلتے ہوئے مبینہ طور پر ساتھی کھلاڑیوں کو سپاٹ فکسنگ پر اکسانے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے تاحیات پابندی عائد کر رکھی ہے جس کی رو سے وہ کرکٹ کی کسی بھی ایسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے جو کسی کرکٹ بورڈ اور اس کے ذیلی اداروں کے تحت ہوں۔



