یوئیفا سپر کپ میں بارسلونا کی تاریخی جیت

اس جیت کے ساتھ بارسیلونا نے اے سی میلان کے پانچ بار اس خطاب کو جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے

،تصویر کا ذریعہna

،تصویر کا کیپشناس جیت کے ساتھ بارسیلونا نے اے سی میلان کے پانچ بار اس خطاب کو جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے

ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا نے یوئیفا سپر کپ کے فائنل میں سیویل کے خلاف اضافی وقت میں متبادل کھلاڑی پیڈرو کے گول کے باعث تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔

جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں بدھ کو کھیلے گئے فائنل میچ میں یوروپا لیگ کے فاتح سیویل کو چیمپیئنز ليگ کے فاتح بارسلونا نے چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔

خیال رہے کہ اس جیت کے ساتھ بارسیلونا نے اے سی میلان کے پانچ بار اس خطاب کو جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔

مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں چار چار گول کی برابری پر تھیں۔

بارسلونا کے مایہ ناز کھلاڑی لیونل میسی نے دو گول کر کے اسے ابتدا میں ہی ایک گول کی سبقت دلا دی تھی پھر ریفینہا اور لوئی سواریز نے اسے 1 - 4 کی برتری میں تبدیل کر دیا۔

تاہم اس کے بعد سیویل کی جانب سے جوز اینٹونیو، کیون گیمیرو کی پینلٹی اور کونوپلائینکا کے گول کی بدولت یہ کھیل اضافی وقت میں چلا گیا۔

میسی نے پہلی بار ایک ہی میچ میں فری کک پر دو کیے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمیسی نے پہلی بار ایک ہی میچ میں فری کک پر دو کیے

بارسلونا کے کوچ اور تمام کھلاڑیوں نے اختتامی سیٹی کے ساتھ زبردست جشن منایا۔

لیونل میسی کو ان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

انھوں نے ساتویں اور 15 ویں منٹ میں دو شاندار گول کیے جبکہ ان کی فری کک پر متبادل کھلاڑی پیڈرو نے گول کرکے بارسلونا کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا۔

بارسلونا اگر سپینش سپر لیگ جیت لیتا ہے تو وہ اس کی رواں سال کی پانچویں ٹرافی ہوگی۔

یورپی چیمپیئن ہونے کی وجہ سے بارسلونا کی ٹیم دسمبر میں جاپان میں ہونے والے 2015 فیفا کلب ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی۔

،تصویر کا ذریعہAP