فواد احمد ایشز سیریز کے سکواڈ میں شامل

،تصویر کا ذریعہGetty
آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی ایشز سیریز کے 17 رکنی سکواڈ میں پاکستانی نژاد لیگ سپنر فواد احمد کو شامل کر لیا ہے۔
ٹیسٹ سکواڈ میں 33 سالہ سپنر فواد احمد کے علاوہ مڈل سیکس کے کپتان ایڈم ویجز بھی شامل کیاگیا ہے۔
فواد احمد کو ٹیم میں دوسرے سپنر کے طور پر استعمال کیا ہے جبکہ سکواڈ کے مرکزی سپنر ایشٹن اگر نے 2013 میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 11ویں پوزیشن پر کھیلتے ہوئے ریکارڈ رنز بنائے تھے۔
مڈل سیکس کے کپتان ایڈم ویجز کو 104.6 کی اوسط سے 1358 رنز بنانے پر شیفیلڈ شیلڈ کا ایوارڈ ملا تھا۔
آسٹریلیا کی ٹیم مائیکل کلارک کی سربراہی میں پانچ ٹیسٹ میچوں کی ایشز سیریز کا پہلا میچ 8 جولائی کو کارڈیف میں کھیلا جائے گا اور اس سے پہلے آسٹریلیا کی پانچ جون سے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں کی سیریز شروع ہو رہی ہے۔
آسٹریلیوی ٹیم کے سلیکٹر روڈ مارش کے مطابق ایڈم اور فواد احمد نے ڈومیسٹک سطح پر بہت شاندار کرکٹ کھیلی اور ان کی کاررکردگی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔
’ہمیں یقین ہے کہ اگر ضرورت ہوئی تو یہ اہم کردار ادا کریں گے۔‘
فواد احمد نے سال 2010 میں آسٹریلیا میں سیاسی پناہ حاصل کی تھی۔ ان کی بولنگ میں صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ان کی درخواست کو تیزی سے نمٹاتے ہوئے آسٹریلیوی شہریت دے دی تھی۔
انھوں نے اب تک آسٹریلیا کے لیے تین ایک روزہ میچ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں تاہم ابھی تک ٹیسٹ میں نمائندگی نہیں کی ہے۔
انھوں نے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں تین جبکہ دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی تین ہی وکٹیں حاصل کی ہیں۔
کرکِ انفود پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق فواد احمد نے 36 فرسٹ کلاس میچوں میں 125 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
اس سے پہلے پاکستانی نژاد عثمان خواجہ بھی ایشز سیریز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔



