عالمی کپ کے فائنل میں دھرماسینا اور کیٹلبرو امپائر ہوں گے

،تصویر کا ذریعہGetty
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 11ویں کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ میں امپائرنگ کے فرائض سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور انگلینڈ کے رچرڈ کیٹلبرو سرانجام دیں گے۔
سری لنکا کے رنجن مدوگالے 29 مارچ کو میلبرن میں کھیلے جانے والے فائنل کے میچ ریفری ہوں گے۔
دھرما سینا اور رچرڈ کیٹلبرو 26 مارچ کو آسٹریلیا اور بھارت کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میچ میں بھی امپائر تھے۔
آسٹریلیا نے یہ میچ جیت کر ساتویں مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ اس کی مدمقابل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی بار فائنل میں پہنچی ہے۔
ماضی میں سری لنکا کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے رکن دھرماسینا اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ہونے والے کوارٹر فائنل جبکہ کیٹلبرو ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں بھی امپائرنگ کر چکے ہیں۔



