میرے پاس احمقانہ سوالوں کے جواب نہیں: وقاریونس

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقاریونس کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو گزشتہ میچوں میں نہ کھلائے جانے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے بعد جب وقاریونس پریس کانفرنس میں آئے تو صحافی اس میچ کے مختلف پہلوؤں پر بات کرنے کے لیے بیٹھے ہوئے تھے لیکن وقاریونس نے صرف دس منٹ میں یہ پریس کانفرنس اس وقت ختم کردی جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا آپ پچھلے میچوں میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کو نہ کھلانے کی غلطی تسلیم کریں گے اور یہ کہ کیا یہ بات صحیح ہے کہ سرفراز احمد اور آپ کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا؟۔
اس پر وقاریونس نے پہلے تو اس صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’ میں نہیں بلکہ آپ سرفراز احمد کے معاملے کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔‘
وقاریونس کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں پندرہ کھلاڑی آئے ہیں اور ان میں سے جو اچھے ہیں وہ کھیلیں گے اور انہیں کھلایا گیا۔
پاکستانی کوچ نے یہ بھی سوال کیا کہ انہوں نے کونسی غلطی کی ہے جسے وہ تسلیم کرلیں؟
’کیا ناصر جمشیدکھلاڑی نہیں ہیں کیا وہ ٹیم کے ساتھ نہیں آئے ہیں؟‘
جب اسی صحافی نے ایک اور سوال کیا تو اس پر وقاریونس نے جواب دیا کہ لگتا ہے کہ یہ پریس کانفرنس ختم کرنے کا وقت آگیا ہے کیونکہ ’ان کے پاس احمقانہ سوالات کا کوئی جواب نہیں ہے‘۔



