’بظاہر پاکستانی ٹیم میچ جیتنے میدان میں نہیں اتری تھی‘

پاکستانی بولرز محمد عرفان اور سہیل خان کو وسیم اور وقار کی تکنیک اپنانی ہوں گی: بشپ

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنپاکستانی بولرز محمد عرفان اور سہیل خان کو وسیم اور وقار کی تکنیک اپنانی ہوں گی: بشپ
    • مصنف, عادل شاہ زیب
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کرائسٹ چرچ

ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر ائین بشپ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو اپنی بولنگ اور فیلڈنگ کے میعار کو بہت زیادہ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

کرائسٹ چرچ میں بی بی سی اردو سےگفتگو کرتے ہوئے ان کہ کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کی باڈی لینگویج سے یہ ظاہر نہیں ہو رہا تھا کو وہ میچ جیتنے کے لیے میدان میں آئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مصباح الحق ایک ذمہ دار کپتان ہیں اور وہ مخالف ٹیم کو آسانی سے میچ جیتنے نہیں دیتے لیکن پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کے باقی میچوں میں بولنگ پر خصوصی توجہ دینی ہو گی۔

بشپ کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس کی موجودگی میں پاکستان کے پاس بہترین بولنگ اٹیک تھا اور دونوں کے پاس ’یارکر‘ کی صورت میں ایسا ہتھیار تھا جو مخالف ٹیموں کو بےبس کر دیتا تھا۔

ویسٹ انڈیز کے سابق بولر کا کہنا تھا کہ موجودہ کرکٹ کافی بدل چکی ہے لیکن پاکستانی بولرز محمد عرفان اور سہیل خان کو وسیم اور وقار کی تکنیک اپنانی ہوں گی۔

کیا پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے باقی میچوں میں مخالف ٹیموں کے خطرہ بن سکتی ہے؟

اس سوال کے جواب میں ائین بشپ کا کہنا تھا پاکستانی ٹیم کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ان کے پاس بہترین کھلاڑی موجود ہیں لیکن انھیں اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لیے بہت زیادہ محنت کرنی ہو گی۔