ہیملٹن: جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہAP
ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پول بی کے ایک میچ میں جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو 62 رنز سے شکست دے دی ہے۔
نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن میں کھیلے جانے والے اس میچ میں 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 49ویں اوور میں 277 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://m.bbc.com/sport/cricket/scorecard/88548" platform="highweb"/></link>
زمبابوے کی ٹیم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اس نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات ڈیوڈ ملر اور جے پی ڈومینی کی سنچریاں رہی۔
ملر نے 92 گیندوں پر 138 جبکہ ڈومینی نے 100 گیندوں پر 115 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 256 رنز کی شراکت قائم کی۔
جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی ابتدائی دو وکٹیں 21 رنز پر گر گئیں۔
کوئنٹن ڈی کاک اور ہاشم آملہ ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے اور بالترتیب سات اور 11 رنز ہی بنا سکے۔
ان کی جگہ آنے والے ڈوپلیسی اور ڈی ویلیئرز کے درمیان 40 رنز کی شراکت ہوئی لیکن پھر یہ دونوں بھی آؤٹ ہوگئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP Getty
اس موقع پر جنوبی افریقہ کا سکور چار وکٹوں کے نقصان پر 83 رنز تھا۔ تاہم پھر ملر اور ڈومینی نے ٹیم کو سہارا دیا اور مستحکم شراکت قائم کی۔
یہ دونوں 30 اوورز تک کریز پر موجود رہے اور تقریباً ساڑھے آٹھ رنز فی اوور کی اوسط سے رن بنائے۔
جواب میں زمبابوے کی اننگز میں جس میں کلیدی کردار چبابا اور مساکادزا کا رہا۔
ان دونوں نے ابتدائی نقصان کے بعد ٹیم کو سنبھالا اور نصف سنچریاں سکور کرتے ہوئے 105 رنز کی شراکت قائم کی۔
مساکادزا نے چبابا کے آؤٹ ہونے کے بعد برینڈن ٹیلر کے ساتھ مل کر بھی مزید 54 رنز بنائے۔
تاہم بعد میں وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور بڑی شراکت نہ بن سکی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے تین اور مورکل اور فیلینڈر نے دو، دو وکٹیں لیں۔
اس ٹورنامنٹ کے لیے جنوبی افریقہ کو فیورٹ ٹیموں میں شمار کیا جا رہا ہے جبکہ زمبابوے نے بھی وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اپنے گروپ میں شامل دیگر ٹیموں کی توجہ حاصل کی ہے۔



