ابوظہبی: نیوزی لینڈ نے میچ اور سیریز جیت لی

،تصویر کا ذریعہAFP
ابوظہبی میں کھیلے جا رہے ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 68 رنز سے ہرا دیا ہے۔
پاکستان کے بیٹسمین ایک کے بعد ایک ناکام ہوتے گئے اور بالآخر پوری ٹیم 207 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اگرچہ حارث سہیل کی تیز ففٹی نے پاکستان کیمپ میں کچھ امید پیدا کی تھی لیکن وہ بھی میچ کے 39 ویں اوور میں 65 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے تھے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89444" platform="highweb"/></link>
پاکستان کو اننگز کے آغاز پر پہلا نقصان ناصر جمشید کی صورت میں اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ گذشتہ میچ میں سنچری سکور کرنے والے یونس خان 12 رنز ہی بنا سکے اور 22 کے مجموعی سکور پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ان کے بعد اسد شفیق صرف 7 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، احمد شہزاد نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 رنز بنائے لیکن جب سکور 107 پر پہنچا تو وہ بھی آؤٹ ہو گئے، عمر اکمل بھی سکور میں کوئی خاص اضافہ کیے بغیر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ حارث سہیل اور سرفراز احمد نے مل کر سکور میں اضافہ کیا لیکن جب سکور 172 پر پہنچا تو حارث سہیل آؤٹ ہو گئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے کچھ دیر بعد ہی سرفراز بھی پولین واپس ہو لیے۔ اس کے بعد انور علی 18 رنز بنا کر مککیلم کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی صرف 13 رنز ہی بنا پائے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ذوالفقار بابر تھے جو 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزلی لینڈ کی جانب سے ولیمسن 97 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے دو، آفریدی اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کو پہلی کامیابی محمد عرفان نے گپٹل کو آؤٹ کر کے دلائی۔
دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تین وکٹوں سے ہرایا تھا جس کا بدلہ اسی گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دے کر لیا تھا۔
تیسرا میچ شارجہ میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 147 رنز سے شکست دی تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم ابوظہبی میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں پھر سیریز میں واپس آئی اور سات رنز سے میچ جیت کر سیریز برابر کر دی تھی۔



