محمد حفیظ کا بھی ایکشن غیر قانونی، بولنگ پر پابندی عائد

محمد حفیظ کا یہ ٹیسٹ 24 نومبر کو نیشنل کرکٹ پرفارمنس سینٹر میں کیا گیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ کا یہ ٹیسٹ 24 نومبر کو نیشنل کرکٹ پرفارمنس سینٹر میں کیا گیا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آف سپنر محمدحفیظ کا بولنگ ایکشن قواعد وضوابط کے خلاف قرار دے دیا گیا ہے اور وہ فی الحال انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ نہیں کرسکیں گے۔

آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے آزادانہ تجزیے کے مطابق پاکستانی آف سپنر کا بولنگ ایکشن غیر قانونی ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ پر انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کرانے پر فوری طور پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔

محمد حفیظ کا یہ ٹیسٹ 24 نومبر کو نیشنل کرکٹ پرفارمنس سینٹر میں کیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کے تجزیہ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کا بولنگ بازو 15 ڈگری سے اوپر ہے۔

یاد رہے کہ ابوظہبی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلے میچ کے اختتام پر امپائروں نے پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے اسے آئی سی سی کو رپورٹ کیا تھا۔

میچ آفیشلز نے محمد حفیظ کے مشکوک بولنگ ایکشن کو رپورٹ کیا۔ اعتراضات سے متعلق رپورٹ پاکستانی ٹیم کے مینجر معین خان کے حوالے کر دی گئی تھی۔

محمد حفیظ سے پہلے سپنر سعید اجمل کے بولنگ پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

امپائروں کی طرف سے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر اعتراضات کے بعد محمد حفیظ کو تین ہفتوں کے اندر آئی سی سی کی منظور شدہ لیبارٹری سے اپنے ایکشن کا معائنہ کروانا تھا۔ وہ اس دوران اپنی بولنگ جاری رکھ سکتے تھے۔

تاہم اب اس ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد محمد حفیظ کی بولنگ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

محمد حفیظ کا بولنگ نہ کرنا پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے دوسرا بڑا دھچکہ ہے کیونکہ اس سے قبل سعید اجمل کو بھی مشکوک بولنگ ایکشن کے سبب معطلی کا سامنا ہے۔

محمد حفیظ اپنے کریئر میں تیسری مرتبہ مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آئے ہیں۔ اس سے قبل وہ دو ہزار پانچ میں رپورٹ ہوئے تھے تاہم ان کا بولنگ ایکشن کلیئر کردیا گیا تھا۔

بھارت میں کھیلی گئی حالیہ چیمپئنز لیگ میں لاہور لائنز کی طرف سے کھیلتے ہوئے بھی ان کے بولنگ ایکشن کے بارے میں امپائرز نے رپورٹ دی تھی۔

آئی سی سی نے اس سال مشکوک بولنگ ایکشن کے بارے میں اپنی پالیسی انتہائی سخت کررکھی ہے اور محمد حفیظ اس سخت پالیسی کے تحت معطل ہونے والے چھٹے بولر ہیں۔

ان کے علاوہ سری لنکا کے سینا نائیکے، زمبابوے کے پراسپر اتسیا، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن، بنگلہ دیش کے سہاگ غازی اور پاکستان کے سعید اجمل شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر الامین حسین کا بولنگ ایکشن بھی مشکوک قرار پایا تھا لیکن وہ اپنے بورڈ کی طرف سے کرائے گئے پہلے ہی بائیومکینک تجزیے میں کلیئر ہوگئے تھے۔