مشہور فٹبالر پیلے کی حالت میں ’بہتری‘

پیلے کو ابتدائی طور پر 13 نومبر کو گردی کی پتھریاں نکالنے کے سرجری کے بعد ہسپتال سے خارج کر دیا گیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپیلے کو ابتدائی طور پر 13 نومبر کو گردی کی پتھریاں نکالنے کے سرجری کے بعد ہسپتال سے خارج کر دیا گیا تھا

پیشاب میں تکلیف کی وجہ سے ہسپتال میں داخل برازیل کے مشہور فٹبالر پیلے کی حالت میں بہتری آئی ہے تاہم انھیں تاحال انتہائی نگہداشت کی یونٹ میں ہی رکھا گیا ہے۔

ساؤ پاؤلو میں البرٹ آئن سٹائن ہسپتال کی انتظامیہ نے جمعے کو کہا ہے ’انھیں سانس لینے میں تو کوئی دشواری نہیں لیکن گردوں کا کام کرنے کے لیے عارضی طور پر مشین لگائی گئی ہے۔‘

بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’ان کی حالت میں بہتری آ رہی ہے اور وہ انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں ہی رہیں گے۔

اس سے قبل جمعرات کو تین بار عالمی فٹبال کپ جیتنے والے پیلے نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ وہ ’ٹھیک ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے صرف پرائیوسی یا نجی زندگی میں خلل نہ پڑنے کے لیے ہسپتال کے اندر ایک خصوصی کمرے میں منتقل کیا گیا۔‘

اطلاعات کے مطابق پیلے کو پیر کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جس کے بعد انھیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا۔

انھوں نے کہا کہ ’میں ان تیمارداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو مجھے سے ملنے کے لیے آئے لیکن مجھے پرامن طریقے سے اپنا علاج اور صحت یابی کا عمل جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔‘

سٹار فٹبالر نے کہا:’میرے لیے آپ کی محبت اور حمایت ایک بہت بڑی مہربانی ہے اور خدا کا شکر ہے کہ یہ کوئی سنجیدہ مسئلہ نہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں آنے والی چھٹیاں اپنے خاندان کا ساتھ گزارنے کے انتظار میں ہوں اور نئے سال کا آغاز نئے صحت اور بہت سے طے شدہ بین الاقوامی دوروں کے ساتھ کروں گا۔‘

برازیلی فٹبالر سنہ 1958، 1962 اور 1970 میں عالمی فٹبال کپ جیت چکے ہیں اور انھیں 1970 کے کپ میں گولڈن بال سے نوازا گیا۔ وہ فیفا کے پلیئر آف دا سنچری بھی ہیں۔

پیلے کو ابتدائی طور پر 13 نومبر کو گردی کی پتھریاں نکالنے کے سرجری کے بعد ہسپتال سے خارج کر دیا گیا تھا لیکن مقامی میڈیا کے مطابق اس گردے کے آپریشن کے بعد انھیں انفیکشن ہوا۔

پیلے خصوصی نگہداشت میں ہیں جو معمول کی نگہداشت کی سطح سے اوپر ہے لیکن لوگ ان سے اب بھی مل سکتے ہیں۔