سرفراز احمد اور میک کلم پہلے 20 بیٹسمینوں میں شامل

،تصویر کا ذریعہgetty images
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے جمعے کو اختتام کے بعد دونوں ممالک کے بعض کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بہتری آئي ہے۔
ہر چند کہ یہ ميچ بے نتیجہ ثابت ہوا لیکن آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ عالمی رینکنگ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو ان کی زندگی کی بہترین رینکنگ ملی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم کو بھی ان کی زندگی کی اب تک کی بہترین رینکنگ ملی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ویب سائٹ کے مطابق سرفراز اب 18 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جو کہ ٹیسٹ کریئر میں ان کی آج تک کی بہترین رینکنگ ہے۔ ان کی رینکنگ میں بہتری دبئی ٹیسٹ میں سنچری کی بدولت آئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کلم بھی ٹاپ 20 کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں اور اب وہ 19 ویں نمبر پر ہیں۔
ٹام لیتھم نے 19 پوزیشنوں کی چھلانگ لگائی ہے اور اب وہ 36 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
بولنگ میں بھی پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی آگے آئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے 10 بولروں میں آ گئے ہیں جبکہ پاکستان کے ذولفقار بابر 28ویں اور یاسر شاہ 30 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں بیٹنگ کے شعبے میں سری لنکا کے کمارا سنگاکارا پہلے نمبر پر ہیں جبکہ یونس خان چھٹے اور مصباح الحق آٹھویں نمبر پر ہیں۔
بولنگ کے شعبے میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آل راؤنڈروں میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
اس سے قبل آنے والی آئی سی سی کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے بعض کھلاڑیوں کی رینکنگ میں اضافہ ہوا تھا کیونکہ بنگلہ دیش نے زمبابوے کے خلاف بہترین کارکردگي کا مظاہرہ کیا تھا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور ابھی تیسرا میچ ہونا باقی ہے۔
پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف کلین سوئپ کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔



