مچل جانسن خالی سٹیڈیم سے مایوس

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن تماشائیوں سے خالی دبئی سٹیڈیم نے آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل جانسن کو مایوس کر دیا۔
مچل جانسن کا کہنا ہے کہ میدان میں تماشائی نہیں ہیں ان حالات میں کھیلتے ہوئے انھیں اچھا نہیں لگ رہا ہے۔
جانسن جنھوں نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پہلے دن گرنے والی چار میں سے تین وکٹیں حاصل کیں کہتے ہیں کہ وہ ان میچوں میں زیادہ تماشائی دیکھنا پسند کریں گے یہ ان کھلاڑیوں کے لیے اچھا ہوگا جو پہلی بار ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔
ان کھلاڑیوں کے لیے خوشی کی بات یہ رہی کہ ان کی فیملی یہاں موجود ہے لیکن سخت گرمی میں سارا دن بیٹھ کر میچ دیکھنا آسان نہیں۔
آسٹریلیا نے دبئی ٹیسٹ میں مچل مارش اور اسٹیو اوکیف کو ٹیسٹ کیپ دی ہے۔
مچل جانسن نے کہا کہ سخت گرمی نے ان کی کارکردگی کو متاثر نہیں کیا ہے بلکہ وہ اسے اچھی تبدیلی کے طور پر دیکھ رہے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن آسٹریلوی ٹیم کو جلد کامیابیاں مل گئیں تاہم وکٹ بہت سست ہے اس کے باوجود بولرز نے کنڈیشنز کو اچھی طرح استعمال کیا اور منصوبہ بندی کے مطابق بولنگ کی۔ بولرز نے ریورس سوئنگ کے لیے کوئی خاص کوشش نہیں کی لیکن گیند ریورس سوئنگ ہوئی۔
آسٹریلوی بولر نے یونس خان کی بیٹنگ کی تعریف کی اور کہا کہ ان کنڈیشنز میں بیٹنگ آسان نہ تھی۔
مچل جانسن نے کہا کہ گیند ابھی نئی ہے لہذا دوسرے دن کا ابتدائی گھنٹہ بڑی اہمیت کا حامل ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ وہ اس میچ کو دلچسپ انداز اختیار کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں کیونکہ آنے والے دنوں میں گیند ٹرن لے گی۔



