دبئی:دوسرا ایک روزہ، کمزور بیٹنگ دردِ سر

پاکستان۔آسٹریلیا

،تصویر کا ذریعہAFP Getty

،تصویر کا کیپشنبیٹنگ کے ساتھ ساتھ اب بولنگ کے شعبے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل جمعہ کو دبئی میں کھیلا جا رہا ہے۔

پاکستان کے نقطۂ نظر سے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ شارجہ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں اسے ترانوے رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان کی کوشش ہوگی کہ وہ یہ میچ جیت کر سیریز کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں لے جائے لیکن کپتان مصباح الحق اور کوچ وقاریونس کے لیے بیٹنگ کی کارکردگی درد سر بنی ہوئی ہے۔

واحد ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم نو وکٹوں پر صرف چھیانوے رنز بنا سکی تھی جبکہ پہلے ون ڈے میں دو سو چھپن رنز کے ہدف کے تعاقب میں وہ صرف ایک سو باسٹھ رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اس وقت بیٹسمینوں کا اعتماد بری طرح متاثر ہوچکا ہے اور ٹیم کو ایک جیت کی اشد ضرورت ہے۔

مصباح الحق کے مطابق سعید اجمل اور محمد حفیظ کے نہ ہونے سے ٹیم کامبینیشن تشکیل دینے میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔

پاکستانی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ اس وقت ہوگیا جب فاسٹ بولر جنید خان دائیں گھٹنے میں تکلیف کے سبب دورے سے باہر ہوگئے اور ان کی جگہ غیرمتاثر کن کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے سہیل تنویر کو سکواڈ میں شامل کرنا پڑا ہے۔

دوسرے ون ڈے میں انور علی کی جگہ رضا حسن یا سہیل تنویر کو موقع ملنے کا امکان ہے۔

اسد شفیق بھی جگہ برقرار رکھتے ہوئے نظر نہیں آتے۔

آسٹریلوی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔

پاکستانی ٹیم بارہ سال سے آسٹریلیا کے خلاف دو طرفہ ون ڈے سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے ۔

اس نے آخری بار دو ہزار دو میں تین میچوں کی سیریز دو ایک سے جیتی تھی۔

دو ہزار نو میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز آسٹریلیا نے تین دو سے جیتی تھی۔

دوہزار دس میں آسٹریلیا نے ہوم گراؤنڈ پر پانچ صفر سے سیریز جیتی تھی اور دو ہزار بارہ میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز دو ایک سے آسٹریلیا کے نام رہی تھی۔