میراتھن: کینیائی اتھلیٹ کا عالمی ریکارڈ

،تصویر کا ذریعہReuters
کینیا کے اتھلیٹ ڈینس کمیٹو میراتھن کی دنیا میں دو گھنٹے اور تین منٹ سے بھی کم وقت میں فاصلہ طے کرنے والی پہلے اتھلیٹ بن گئے ہیں۔
برلن میں ہونے والے میراتھن مقابلے میں تیس سالہ ڈینس کمیٹو نے یہ فاصلہ دو گھنٹے دو منٹ اور ستاون سیکنڈز میں طے کیا۔
میراتھن مقابلے میں سات اتھلیٹس نے حصہ لیا جن میں دو اور کینیائی اتھلیٹ ایمینول موتائی اور جیفری کموورور بھی شامل تھے۔ جب ریس ختم ہونے میں تین میل باقی تھے تو ڈینس کمیٹو نے ایمینول موتائی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ڈینس کمیٹو کا کہنا تھا کہ نیا عالمی ریکارڈ بنانے کے بعد وہ فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ریس کے آغاز سے ہی بہتر محسوس کر رہے تھے اور چند میل دوڑنے کے بعد انہوں نے محسوس کیا کہ وہ عالمی ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ ولسن کپسانگ کے پاس تھا جنہوں نے یہ فاصلہ گزشتہ سال دو گھنٹے تین منٹ اور تیئس سیکنڈز میں طے کیا تھا۔
ڈینس کمیٹو اس سے پہلے ٹوکیو اور باسٹن میں ہونے والی میراتھنز جیت چکے ہیں اور انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر برلن میراتھن کے دوران حالات نے اجازت دی تو وہ میراتھن کا موجودہ ورلڈ ریکارڈ توڑنے کی کوشش کریں گے۔
اور بالکل اسی طرح ہوا، آٹھ ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت اور لمبی دوڑ کے لیے مناسب موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈینس کمیٹو نے میراتھن کی دنیا میں نیا ورلڈ ریکارڈ بنانے کا اپنا وعدہ پورا کر دیا۔



