کولمبو میں جنید اور وہاب کی عمدہ بولنگ

،تصویر کا ذریعہReuters
کولمبو ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز بنائے ہیں۔
جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.com/sport/cricket/scorecard/89446" platform="highweb"/></link>
سری لنکا کی جانب سے اوپل تھرنگا اور کوشل پریرا نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 79 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے اوپل تھرنگا نے 12 چوکوں کی مدد سے 92 جبکہ کوشل سلوا نے چھ چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔
ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ سری لنکا کے دیگر کھلاڑی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے مہیلا جیاوردھنے صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
میچ کے پہلے دن کی خاص بات پاکستانی بولروں کی عمدہ بولنگ تھی۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے چار اور وہاب ریاض نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم گال ٹیسٹ میں سات وکٹوں کی ہزیمت کے سبب سری لنکا کے خلاف پانچ سال میں تیسری ٹیسٹ سیریز ہارنے کے خطرے سے دوچار ہے۔
پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کے بعد سے ایک بھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی ہے۔ اس دوران اس نے تین سیریز برابر کھیلی ہیں اور دو میں اسے شکست ہوئی ہے ۔



