کولمبو: سری لنکا کی مضبوط بیٹنگ لائن میں شگاف

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی ٹیم نے سری لنکن کرکٹ کے سب سے مضبوط قلعے سنہالیز سپورٹس کلب گراؤنڈ میں ہلچل مچا دی ہے۔
کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کی شکل میں دو بڑی توپوں کو جلد خاموش کرنے کے بعد پاکستانی بولرز نے خوب بولنگ کی جس کا ثمر انھیں پہلے ہی دن آٹھ وکٹوں کی شکل میں ملا ہے جن میں سے چھ وکٹیں آخری سیشن میں اس کے ہاتھ آئیں۔
دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن ختم ہوا تو سری لنکا نے8 وکٹوں پر 261 رنز بنائے تھے۔
گال ٹیسٹ میں سات وکٹوں کی شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے لیے سیریز بچانے کا یہ آخری موقع ہے۔
پاکستان کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب اس کے میچ وننگ بولر سعید اجمل کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوگیا۔
اگرچہ سعید اجمل پر میچ کھیلنے کی پابندی نہیں عائد کی گئی اور انھیں اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے 21 روز دیے گئے ہیں لہذا وہ یہ میچ کھیل رہے ہیں اور انھوں نے ہی اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے مہیلا جے وردھنے کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
موسمی حالات اور پچ دونوں کو بیٹنگ کے لیے سازگار دیکھ کر اینجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی ٹیم میں وہاب ریاض کی تین سال بعد واپسی محمد طلحہ کے ان فٹ ہوجانے کی وجہ سے ممکن ہوسکی۔
سری لنکا نے تھریمانے اور ویلیگیدرا کو ایرنگا اور وتھاناگے کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اوپل تھرنگا اور کوشل سلوا نے اپنی ٹیم کو 79 رنز کا آغاز دیا جو دس اننگز میں سری لنکا کی پہلی نصف سنچری اوپننگ شراکت تھی۔
کوشل سلوا کی وکٹ جنید خان نے سرفراز احمد کے تعاون سے حاصل کی۔
تھرنگا آٹھ رنز کی کمی سے اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کرسکے اور وہاب ریاض کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے تاہم وہ 28 رنز پر سعید اجمل کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں سٹمپڈ ہونے سے بچے تھے۔
سرفراز احمد نے مہیلا جے وردھنے کا بھی چار رنز پر جنید خان کی گیند پر کیچ گرادیا تھا تاہم جے وردھنے اس موقع سے فائدہ نہ اٹھاسکے اور سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
جے وردھنے جب آخری ٹیسٹ میں بیٹنگ کے لیے آئے تو پاکستانی کرکٹرز نے بھی انھیں گارڈ آف آنر کی شکل میں تعظیم دی۔
جے وردھنے کو اپنے ٹیسٹ کیریئر کی بیٹنگ اوسط 50 پر برقرار رکھنے کےلیے اب دوسری اننگز میں 90 رنز درکار ہیں۔
مہیلا جے وردھنے سے قبل پاکستانی ٹیم نے سنگاکارا کی قیمتی وکٹ حاصل کرکے سکون کا سانس لیا تھا جنھوں نے گال ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAP
گرنے والی پانچویں وکٹ تھری مانے کی تھی جنھیں جنید خان نے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ کرایا۔
نئی گیند کی چمک نے جنید خان کی آنکھوں کی چمک بھی بڑھا دی اور انھوں نے ایک ہی اوور میں وکٹ کیپر دکویلا اور دلرون پریرا کی وکٹیں حاصل کر ڈالیں۔
دوسری جانب سے وہاب ریاض کا وار بھی مہلک رہا اور وہ کپتان اینجیلو میتھیوز کی قیمتی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے لیے انھیں وکٹ کیپر سرفراز احمد کا تعاون حاصل رہا جن کا یہ اننگز کا تیسرا کیچ تھا۔
جنید خان اس اننگز میں چار وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اس طرح سری لنکا کے خلاف ان کی ٹیسٹ میچوں میں شاندار بولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
وہ سری لنکا کے خلاف اب تک 48 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں تاہم دوسرے دن پاکستانی بولرز کو سری لنکن اننگز کو جلد سے جلد ختم کرنا ہوگا کیونکہ ٹیل اینڈرز کو فرار ہونے کا راستہ دینا بھی پاکستانی ٹیم کی چند بڑی خامیوں میں سے ایک ہے۔



