سیریز بچانے کے لیے جیت لازمی

پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کے بعد سے ایک بھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کے بعد سے ایک بھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں جمعرات سے کولمبو میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہو رہی ہیں۔

پاکستانی ٹیم گال ٹیسٹ میں سات وکٹوں کی ہزیمت کے سبب سری لنکا کے خلاف پانچ سال میں تیسری ٹیسٹ سیریز ہارنے کے خطرے سے دوچار ہے۔

سری لنکا نے 2009 کی ہوم سیریز میں یونس خان کی پاکستانی ٹیم کو دو صفر سے ہرایا تھا۔

2012 میں سری لنکا میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کو ایک صفر سے شکست ہوئی تھی تاہم جس ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم 209 رنز سے ہاری تھی اس میں کپتانی محمد حفیظ نے کی تھی۔

پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں انگلینڈ کے خلاف کلین سویپ کے بعد سے ایک بھی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی ہے۔ اس دوران اس نے تین سیریز برابر کھیلی ہیں اور دو میں اسے شکست ہوئی ہے ۔

پہلے ٹیسٹ کے دوران آف سپنر سعید اجمل کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیے جانے نے پاکستانی ٹیم کی مشکلات میں بے حد اضافہ کردیا ہے۔

اگرچہ پاکستانی ٹیم منیجمنٹ نے سعید اجمل کو کولمبو ٹیسٹ میں کھلانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انھیں 21 روز میں اپنے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے آئی سی سی کی کسی بھی منظور شدہ بائیو مکینک لیبارٹری سے رجوع کرنا ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کے نقطۂ نظر سے سب سے پریشان کن بات یہ ہے کہ سعید اجمل اس مرتبہ اپنی مخصوص گیند ’دوسرا‘ کے سبب مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں نہیں آئے ہیں بلکہ ان کی متعدد گیندوں کو قوانین کے برخلاف قرار دیا گیا ہے جن میں ظاہر ہے عام آف بریک گیندیں بھی شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی اوپنر خرم منظور کی جگہ شان مسعود کی صورت میں متوقع ہے۔

سری لنکا کے مایہ باز بیٹسمین مہیلا جے وردھنے کا یہ آخری ٹیسٹ میچ ہے۔ انھیں شایان شان انداز میں الوداع کہنے کے لیے یہ ٹیسٹ میچ پی سارا اوول سے سنہالیز اسپورٹس کلب منتقل کیا گیا ہے جو مہیلا جے وردھنے کا ہوم گراؤنڈ ہے جہاں وہ 11 سنچریوں کی مدد سے 2863 رنز سکور کر چکے ہیں۔ یہ کسی ایک گراؤنڈ پر کسی بھی بیٹسمین کے بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

سری لنکا نے اوپنر کرونا رتنے اور 19 سالہ فاسٹ بولر بنورا فرنینڈو کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ کرونا رتنے کا آؤٹ آف فارم اپل تھارنگا کی جگہ کھیلنا یقینی دکھائی دیتا ہے۔