انگلینڈ کی عمدہ بیٹنگ، کک فارم میں واپس

بیلنس نے بھارتی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انھے سنبھلنے نہ دیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنبیلنس نے بھارتی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انھے سنبھلنے نہ دیا

بھارت اور انگلینڈ کے مابین کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے کھیل کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے ہیں۔

انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات کپتان الیسٹر کک کی 95 رنز اورگیری بیلنس کی سنچری تھی۔ ساؤتھہمپٹن میں کھیلے جانے والے اس اہم مییچ کے پہلے روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="" platform="highweb"/></link>

انگلینڈ کے اوپنروں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 55 رنز بنائے۔انگلینڈ کے پہلے آوٹ ہونے والے کھلاری روبنسن 26 رن بنا کر محمد شامی کی گیند پر جدیجہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد کپتان کک نے بیلنس کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 158 رنز کا اضافہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے بھارتی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

تاہم الیسٹر کک سنچری بنانے سے پانچ رن قبل ہی جدیجہ کی گیند پر کپتان دھونی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔

بیلنس کی اننگز خوبصورت اور جارحانہ شاٹس کا بہترین نمونہ تھی جبکہ کپتان کک پہلے سے زیادہ پر اعتماد نظر آئے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے این بیل نے محتاط انداز میں بیلنس کا ساتھ دیا اور کھیل کے اختتام تک وکٹ پر موجود تھے۔ این بیل 16 جبکے بیلنس 104 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے پچھلے میچ میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے ایشانت شرما اس میچ میں زخمی ہونے کے باعث شرکت نہیں کرسکے جبکہ انگلینڈ نے وکٹ کیپر میٹ پریر کی جگہ جوس بٹلر کو میدان میں اتارا۔

انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک کی پہلے دونوں میچوں میں کارکردگی دیکھنے کے بعد ماہرین نے ان کو کپتانی سے ہٹ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا جبکہ لارڈز میں ہونے والے دوسرے میچ بھارت نے جیت لیا۔