برونا ’خوش بختی‘ کی علامت، شکیرا کا جشن

چلی کے خلاف میچ میں برونا کے چہرے کے بدلتے رنگ کے ساتھ کیمرہ بھی ان کے پیچھے لگا تھا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنچلی کے خلاف میچ میں برونا کے چہرے کے بدلتے رنگ کے ساتھ کیمرہ بھی ان کے پیچھے لگا تھا

سنیچر کو جہاں میدان میں برازیل کے گول کیپر ژولیو سیزر چمکے اور انھوں نے اپنی ٹیم کو کوارٹرفائنلز میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا وہیں میدان کے باہر کوئی اور تھا جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا۔

برازیل نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر چلی کو دو کے مقابلے تین گول سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ اس سے پہلے میچ اضافی وقت کے اختتام تک میچ ایک ایک گول سے برابر تھا۔

چلی نے سخت مقابلہ کیا اور برازیل پر زبردست دباؤ نظر آيا۔ برازیل کے سٹار کھلاڑی نیمار کی گرل فرینڈ برونا مارکوئزین اپنی گھبراہٹ نہ چھپا سکیں اور کئی موقعوں پر رو پڑیں۔

برازیل کے حکام اور کھلاڑیوں کی بیگمات اور گرل فرینڈز کے ساتھ ایک وی آئی پی باکس میں جلوہ گر اداکارہ اور موڈل برونا ان دنوں ’دا فیملی‘ نامی سیريل میں اداکاری کر رہی ہیں اور میچ کے دوران بار بار کیمرہ ان پر جا رہا تھا۔

برازیل کے کھیل کے موڈ کے حساب سے جب بھی برونا ہنستیں، مسکراتیں یا رو پڑتیں تو کیمرہ ان کا تعاقب کرتا رہتا اور ٹی وی کمنٹیٹروں نے بھی ان کے جذبات کے بارے بہت باتیں کیں ’برونا برازیل کی ٹیم کے لیے نیک شگون ثابت ہو رہی ہیں۔‘

کولمبیا کی جیت اور شکیرا کی پارٹی

جنوبی افریقہ میں ہونے والے گذشتہ ورلڈ کپ میں تھیم سانگ واکا واکا شکیرا نے گایا تھا جو بہت مقبول ہوا

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنجنوبی افریقہ میں ہونے والے گذشتہ ورلڈ کپ میں تھیم سانگ واکا واکا شکیرا نے گایا تھا جو بہت مقبول ہوا

کولمبیا کی معروف گلوکارہ شکیرا نے اپنی ٹیم کی جیت کا جشن منانے کے لیے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا سہارا لیا۔ کولمبیا نے یوروگوئے کو صفر کے مقابلے دو گول سے شکست دی۔

شکیرا نے پوری ٹیم کی تعریف کے بجائے جیمز روڈریگیز کی تعریف کی جنھوں نے دونوں گول کیے۔ اس کے علاوہ انھوں نے گول کيپر اوسپینا کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے لکھا ’ہم لوگ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ جیمز آپ کا شکریہ۔ یہ ابھی تک ورلڈ کپ کا بہترین گول تھا۔ اوسپینا بس قابل دید تھے۔‘

انھوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ کس طرح اس جیت کا جشن منانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

یہ کسی ورلڈ کپ میں کولمبیا کی بہترین کارکردگی ہے۔ ایسے میں کوئی جائے حیرت نہیں کہ شکیرا اس جیت کا جشن پارٹی اور نغمے کے ساتھ کر رہی ہیں۔

گذشتہ ورلڈ کپ کا تھیم سانگ ’واکا واکا‘ شکیرا نے ہی گایا تھا اور پرفارم بھی کیا تھا۔

سواریس ! اک تم ہی نہیں تنہا۔۔۔

یوروگوے کے کھلاڑی سواریس پر دانت کاٹنے کے جرم میں نو میچوں کی پابندی لگائی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنیوروگوے کے کھلاڑی سواریس پر دانت کاٹنے کے جرم میں نو میچوں کی پابندی لگائی گئی ہے۔

گذشتہ ہفتے ساؤ پالو میں انگلینڈ اور یوروگوے کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوران انگلینڈ کے ایک مداح نے دوسرے فٹبال پرستار کا بائیں کان چبا ڈالا۔ اس دانت کاٹنے والے شخص کو برطانیہ اور برازیل کے حکام تلاش کر رہے ہیں۔

یہ واقعہ ارینا کورنتھیئنز میں پیش آیا۔ ورلڈ کپ کے لیے برازیل آنے والے برطانیہ کے پولیس کمشنر نے کہا ہے کہ ایک ویڈیو میں اس حادثے کو محفوظ کر لیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا ’اس حملے کے فورا بعد ہم اس کے شکار شخص کو مدد فراہم کرنے کے لیے رابطے میں تھے۔‘

اس حملے کے ایک دن بعد اس شخص نے مقامی پولیس سٹیشن میں باقاعدہ شکایت درج کی۔ مقامی پولیس کے ترجمان نےبتایا ’بہت سے عینی شاہدین نے اس کی گواہی دی اور اس واقعے کو بیان کیا لیکن وہ مشتبہ شخص کی نشاندہی کرنے سے قاصر رہے۔‘

پولیس اس حملہ آور کو تلاش کر رہی ہے۔

’برازیل کے باشندے ہمیں کیوں ناپسند کرتے ہیں؟‘

یونان کی ٹیم کے کوچ کی شکایت برازیل کے لوگوں سے ہے

،تصویر کا ذریعہAFP GETTY

،تصویر کا کیپشنیونان کی ٹیم کے کوچ کی شکایت برازیل کے لوگوں سے ہے

گریس یعنی یونان کے کوچ فرنانڈو سینٹوس اس بات سے بیزار ہیں کہ ان کی ٹیم کو ورلڈ کپ میں ہمیشہ ایسے لوگوں کے سامنے کھیلنا پڑ رہا ہے جو ان کے ملک کے خلاف ہیں۔

سٹیڈیم میں کولمبیا، جاپان اور آئیوری کوسٹ (ساحل العاج) کے پرستاروں کے درمیان ان کے پرستار ’پس کر رہ گئے‘ جبکہ برازیل کے مقامی لوگ بھی ان کے مقابلے ان کی مخالف ٹیم کی ہی حمایت کرتے نظر آئے۔ ان کا کہنا ہے ان کی ٹیم مقامی لوگوں کی ہمدردی پر اکتفا بھی نہیں کر رہی ہے۔

پرتگال سے تعلق رکھنے والے یونان کے کوچ نے کہا ’برازیل کے لوگ ہمیشہ سے جنوبی امریکی ٹیم کے حامی رہے ہیں۔ مجھے یہ علم نہیں کہ برازیل کے لوگ یونان کو کیوں پسند نہیں کرتے۔ ہمیں اس حقیقت کا اعتراف کرنا ہوگا لیکن اس بات سے مجھے دکھ ہوتا ہے کہ ہم لوگ ایک ہی زبان بولتے ہیں۔‘

وہ برازیل کے کوچ لوئی فیلپ سکولاری کے اچھے دوست ہیں اور ایک زمانے میں دونوں پڑوسی بھی ہوا کرتے تھے۔