گھانا، جرمنی کا شاندار میچ برابری پر ختم

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کر کے شائقین سے داد حاصل کی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشندوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کر کے شائقین سے داد حاصل کی

ورلڈ کپ 2014 کے گروپ جی میں جرمنی اور گھانا کے درمیان مقابلہ برابری پر ختم ہوگیا ہے۔

دو میچوں میں جرمنی نے چار پوائنٹ حاصل کر لیے ہیں۔ اگلے میچ میں فتح کی صورت میں جرمنی دوسرے ہاف کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔ جرمنی کا اب امریکہ سے مقابلہ ہوگا۔

گھانا نے جو پہلے میچ میں امریکہ سے دو ایک سے ہار گیا تھا اس میچ کے ابتدا سے ہی عمدہ کھیل پیش کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر میچ برابر تھا۔ پہلے ہاف میں گھانا کی ٹیم جرمنی سے قدرے بہتر کھیلی اور جرمنی کے گول پر کئی حملے کیے جو کامیاب نہ ہو سکے۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کےگول پر یکے بعد دیگرے تابڑ توڑ حملے کیے اور تماشائیوں کے دل موہ لیے۔

دوسرے ہاف کے پہلے دس منٹوں میں جرمنی کے نوجوان کھلاڑی کوٹسر نے مولر کے پاس پر گول کر کے جرمنی کو برتری دلا دی لیکن گھانا نے صرف تین منٹوں میں نہ صرف اس برتری کو ختم کر دیا بلکہ دوسرا گول کر کے جرمنی پر برتری حاصل کر لی۔

گھانا کی طرف سے پہلا گول آئیو نے ایک خوبصورت ہیڈر کے ذریعے کیا جبکہ دوسرا گول سولے منتاری نے کیا۔

چھتیس سالہ کلاؤز نے ورلڈ کپ میں پندرہ گولوں کا برازیلی رونالڈو کاورلڈ ریکارڈ برابر کر دیا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنچھتیس سالہ کلاؤز نے ورلڈ کپ میں پندرہ گولوں کا برازیلی رونالڈو کاورلڈ ریکارڈ برابر کر دیا ہے

جرمنی نےگھانا کی طرف سے دوسرا گول کرنے کے بعد ٹیم میں تبدیلی کی اور پہلا گول سکور کرنے والے نوجوان گوٹسر کو واپس بلا کر چھتیس سالہ کلاؤز کو میدان میں بھیجا جس نے میدان میں آنے کے ایک منٹ کے اندر گول کر کے ٹیم کو برابری پر لا کھڑا کیا۔

چھتیس سالہ کلاؤز نے ورلڈ کپ میں پندرہ گولوں کا برازیلی رونالڈو کا ورلڈ ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔

دونوں ٹیمیں آخری منٹ پر ایک دوسرے کے گول پر حملے کرتی رہیں۔

اس میچ میں دو بھائی مخالف ٹیموں کی نمائندگی کر رہے تھے۔کیون پرنس بوٹنگ نےگھانا کی نمائندگی کی جبکہ ان کے بھائی جروم بوٹنگ جرمنی کی ٹیم کا حصہ تھے۔