ورلڈ کپ 2014: پانچ حیران کن اور مایوس کن چیزیں

،تصویر کا ذریعہGetty

فٹبال ورلڈ کپ میں ابتدائی گروپ مرحلے کے میچ جاری ہیں اور متعدد ٹیموں اپنے دو دو میچ کھیل لیے ہیں۔ بی بی سی سپورٹس کے سٹیفن فوٹرل نے اب تک اس ٹورنامنٹ کی حیران کن اور مایوس کن باتوں پر نظر ڈالی ہے۔

پانچ حیران کن چیزیں

کوسٹاریکا

کوسٹاریکا نے یوراگوائے کو ہرا کر ورلڈ کپ میں اپ سیٹ کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکوسٹاریکا نے یوراگوائے کو ہرا کر ورلڈ کپ میں اپ سیٹ کیا ہے

وسطی امریکی ملک کوسٹاریکا کی ٹیم فیفا کی درجہ بندی کے حساب سے مشکل ترین گروپ میں ہے جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ، یوروگوائے اور اٹلی سے ہے۔ لیکن سب اندازوں کے برعکس کوسٹاریکا نے ورلڈ کپ میں شاندار آغاز کیا۔

یوروگوائے کے خلاف ایک گول کے خسارے میں جانے کے باوجود تین ایک کے سکور سے میچ جیتنا کم بات نہیں اور کس نے سوچا تھا کہ کوسٹاریکا ٹورنامنٹ میں پہلے میچوں کے بعد گروپ میں سرفہرست ہوگا۔

کوسٹاریکا کی فتح میں اہم کردار آرسنل کے فارورڈ جوئل کیمبل کا رہا جنھیں کلب نے 2011 میں سائن کیا تھا لیکن آج تک نہیں کھلایا۔

گولوں کی برسات

اب تک ٹورنامنٹ میں فی میچ اوسط تین گول سے زیادہ ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناب تک ٹورنامنٹ میں فی میچ اوسط تین گول سے زیادہ ہے

برازیل 2014 کا پہلا گول ٹورنامنٹ کے آغاز کے 11 منٹ بعد ہوا اور اس کے بعد جیسے گولوں کی بارش شروع ہوگئی۔

ٹورنامنٹ کے ابتدائی چار میچوں میں ہی 15 مرتبہ گیند گول میں گئی ہے۔

اب تک ٹورنامنٹ میں فی میچ اوسط تین گول سے زیادہ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گذشتہ ورلڈ کپ میں ٹونامنٹ کی تاریخ کے سب سے کم گول ہوئے تھے۔

میکسیکو کے گول کیپر کے کمالات

اوچوا کے ’گورڈن بینکس‘ لمحے کا عکس

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناوچوا کے ’گورڈن بینکس‘ لمحے کا عکس

برازیل نے اپنے گروپ کا دوسرا میچ میکسیکو کے خلاف بغیر کسی گول کے برابر کھیلا اور برازیل کی راہ میں حائل سب سے بڑی دیوار میکسیکن گول کیپر گولیرمو اوچوا تھے۔

اوچوا نے جو اس وقت کسی بھی کلب سے وابستہ نہیں، اس میچ میں برازیلی کھلاڑیوں کی ہر کوشش کو ناکام بنایا۔

ان کوششوں میں سے ایک نیمار کے شاندار ہیڈر کو روکنے کی تھی جسے ٹوئٹر پر 1970 میں انگلش کیپر گورڈن بینکس کی اس کوشش جیسا قرار دیا گیا جب انھوں نے برازیلی سٹرائیکر پیلے کے ہیڈر کو روکا تھا۔

غائب ہونے والا سپرے

تماشائیوں اور شائقین نے اس کے استعمال کا خیرمقدم کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنتماشائیوں اور شائقین نے اس کے استعمال کا خیرمقدم کیا ہے

اس ٹورنامنٹ میں فری کک کے وقت بال کی صحیح جگہ کے تعین اور دفاعی کھلاڑیوں کی دیوار کی حد مقرر کرنے کے لیے ریفری کے پاس ایک سپرے ہے۔

یہ سپرے جنوبی امریکہ میں خاصے عرصے سے استعمال کیا جا رہا ہے لیکن ورلڈ کپ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے۔

تماشائیوں اور شائقین نے اس کے استعمال کا خیرمقدم کیا ہے اور اب تک واحد شخص جسے اس سپرے سے مسئلہ ہوا ہے وہ ہالینڈ کے دفاعی کھلاڑی برونو مارٹنز انڈی ہیں جنھیں شکوہ ہے کہ سپرے ان کے جوتے خراب کر رہا ہے۔

رحیم سٹرلنگ

رحیم سٹرلنگ کو بہترین نوجوان کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنرحیم سٹرلنگ کو بہترین نوجوان کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے

انگلش پریمیئر لیگ کے شائقین لیورپول کے اس 19 سالہ ونگر سے واقف تو ہیں لیکن انگلش ٹیم کے اس نئے ستارے کی ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت سے کافی لوگ حیران ہوئے۔

جمیکا میں پیدا ہونے والے نوجوان سٹرلنگ نے مناس میں اٹلی کے خلاف میچ میں اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے۔

اس میچ کے دوران انگلینڈ میں گوگل پرسب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے الفاظ میں رحیم سٹرلنگ کا نام بھی شامل تھا۔

پانچ مایوس کن چیزیں

سپین کی کارکردگی

ورلڈ کپ میں کیسیئس کی کارکردگی انتہائی خراب رہی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنورلڈ کپ میں کیسیئس کی کارکردگی انتہائی خراب رہی ہے

دفاعی چیمپیئن سپین کی ٹیم اس ورلڈ کپ میں آنے سے قبل گذشتہ چھ برس سے دنیائے فٹبال پر راج کر رہی تھی اور اس دوران اس نے لگاتار تین بڑے عالمی ٹورنامنٹ 2008 اور 2012 کے یورو مقابلے اور 2010 کا ورلڈ کپ جیتا۔

اس کارکردگی کے تناظر میں سوچا جا رہا تھا کہ سپین شاندار انداز میں اپنے اعزاز کے دفاع کی کوشش کرے گی لیکن سلواڈور میں جو ہوا اس نے نہ صرف وہاں موجود تماشائیوں بلکہ دنیا بھر میں فٹبال کے شائقین کو حیران کر دیا۔

ہالینڈ نے اس میچ میں سپین کو تباہ کر کے رکھ دیا اور پانچ ایک کی شکست کا دھچکا اتنا بڑا تھا کہ سپین کی ٹیم اس سے سنبھل نہ پائی اور اگلے گروپ میچ میں چلی کے ہاتھوں ہار کر ٹورنامنٹ سے ہی باہر ہوگئی۔

ریفری

ٹورنامنٹ میں پنلٹی کے کئی فیصلے متنازع رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنٹورنامنٹ میں پنلٹی کے کئی فیصلے متنازع رہے ہیں

برازیل میں جاری مقابلوں میں کچھ میچ آفیشلز کی کارکردگی پر سوال اٹھے ہیں۔

پہلے ہی میچ میں کروئیشیا کو برازیل کے خلاف ملنے والی پنلٹی متنازع ثابت ہوئی۔

جاپانی ریفری کے اس فیصلے پر خاصی تنقید ہوئی کیونکہ ری پلے میں واضح تھا کہ کروئیشین کھلاڑی دیجان لوورن برازیلی فارورڈ سے نہیں ٹکرائے تھے۔

نیمار نے اس پنلٹی پر گول کیا اور میچ کے بعد کروئیشیا کے کوچ نے کہا کہ اگر یہی حالات ہیں تو ٹرافی برازیل کو دے کر ہمیں گھر چلے جانا چاہیے۔

ایک اور متنازع فیصلے میں ریفری نے سپین کے ڈیاگو کوسٹا کو ہالینڈ کے خلاف پنلٹی دی جبکہ ری پلے میں واضح تھا کہ کوسٹا خود ڈچ کھلاری کے پاؤں پر چڑھے تھے۔

گول لائن ٹیکنالوجی

ریفری گول لائن ٹیکنالوجی کا نتیجہ خصوصی گھڑی پر دیکھ سکتے ہیں

،تصویر کا ذریعہGOALCONTROL

،تصویر کا کیپشنریفری گول لائن ٹیکنالوجی کا نتیجہ خصوصی گھڑی پر دیکھ سکتے ہیں

یہ ورلڈ کپ گول لائن ٹیکنالوجی کا افتتاحی ٹورنامنٹ ہے لیکن جب پہلی بار اسے استعمال کیا گیا تو اس موقع پر کنفیوژن پیدا ہوگئی۔

ہونڈورس کے خلاف میچ میں فرانس کے کریم بینزیما کی ہٹ پر پہلے گول لائن ٹیکنالوجی نے اسے گول قرار نہیں دیا لیکن پھر اسے گول قرار دے دیا گیا۔

اگرچہ بعد میں صورتحال واضح ہوئی کہ واقعی یہ گول تھا لیکن اس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے کوچ اور تماشائی پریشان ہوئے۔

نائجیریا اور ایران کا میچ

ایران کے دفاعی کھیل کے میچ کو مزید غیردلچسپ بنایا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنایران کے دفاعی کھیل کے میچ کو مزید غیردلچسپ بنایا

اس ورلڈ کپ میں جہاں تقریباً ہر میچ میں ہی گول ہو رہے ہیں اور شائقین ان میچوں سے لطف اٹھا رہے ہیں وہیں ایک میچ ایسا ہوا جسے شاید اس ورلڈ کپ میں کوئی یاد نہیں رکھنا چاہے گا۔

اس میچ میں ایران اور نائجیریا کی ٹیمیں مدمقابل تھیں اور اسے اب تک کے مقابلوں کا سب سے بور میچ قرار دیا جا رہا ہے۔

نائجیریا کی ٹیم نے اس میچ میں گیند پر زیادہ کنٹرول رکھا لیکن گول کرنے کی کوشش نہیں کی۔

ادھر ایران کے دفاعی کھیل کے میچ کو مزید غیردلچسپ بنایا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بغیر گول کے بےنتیجہ میچ پر بھی ایران میں جشن منایا گیا۔

میسی کا مزاج

اطلاعات کے مطابق میسی نے اس بچے کو ڈھونڈ کر اس سے معذرت بھی کی ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناطلاعات کے مطابق میسی نے اس بچے کو ڈھونڈ کر اس سے معذرت بھی کی ہے

اس ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر میسی سے سب کو بہت امیدیں ہیں اور میسی ان پر کھیل کے میدان میں پورا اتر بھی رہے ہیں۔

لیکن میدان سے باہر انھوں نے اپنے ایک ننھے مداح کو اس وقت مایوس کر دیا جب وہ میچ کے آغاز سے قبل نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ گئے اور وہ بچہ ہاتھ پھیلائے میسی سے مصافحے کا منتظر ہی رہ گیا۔

میسی کا کہنا ہے کہ ان کا یہ فعل غیر ارادی تھا اور اطلاعات کے مطابق میسی نے اس بچے کو ڈھونڈ کر اس سے معذرت بھی کر لی ہے۔

.