کوسٹاریکا نے یوراگوئے کو ہرا کر اپ سیٹ کردیا

کیمبل

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکیمبل نے کوسٹاریکا کی جانب سے پہلا گول کر کے میچ برابر کر دیا تھا

20ویں فٹ بال ورلڈ کپ کےگروپ ڈی کے پہلے میچ میں کوسٹاریکا نے یوراگوئے کو 3 - 1 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ کر دیا ہے۔

اس سے پہلے جمعے کو ہالینڈ نے دفاعی چیمپیئن سپین کو 5 - 1 سے ہرا کر سب کو حیران کر دیا تھا۔

یوراگوئے کے سٹار فارورڈ لوئیز سواریز نے میچ میں حصہ نہیں لیا اور گول کرنے کی ذمہ داری تجربہ کار کھلاڑی ڈیاگو فارلون اور ایڈیسن کوانی پر تھی۔

یاد رہے کہ یوراگوئے اور کوسٹاریکا کے مابین کھیلے گئے پچھلے آٹھ میچوں میں کوسٹاریکا ایک بھی میچ نہیں جیت پایا تھا۔

ایڈیسن کوانی نے میچ کے 24ویں منٹ میں پنللای پر گول کر کے یوراگوئے کو برتری دلائی۔

یواگوئے کے گول کے فوراً بعد کوسٹا ریکا کے جوئل کیمبل کو میچ برابر کرنے کا موقع ملا جس کا وہ فائدہ نہیں اٹھا سکے لیکن دوسرے ہاف کے 54 منٹ میں انہوں نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

اس گول کے تین منٹ بعد ہی آسکر ڈوراٹے نے خوبصورت ہیڈر لگا کر کوسٹاریکا کو 2 - 1 سے برتری دلا دی۔

کولمبیا کے فارورڈ کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے یونان کو تین صفر سے مات دی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنکولمبیا کے فارورڈ کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے یونان کو تین صفر سے مات دی

یوراگوئے کے مداح لوئیز سواریز کا میدان میں اترنے کا اندظار کرتے رہے لیکن انہیں اس وقت حیرانی کا سامنا کرنا پڑا جب ٹیم میں آخری تبدیلی کی گئی اور کرسچیئن روڈریگز کی جگہ ابیل ہرنینڈز میدان میں آگئے۔

میچ کے 84ویں منٹ میں کیمبل کے خوبصورت پاس پر مارکوس یورینا کے تیسرے گول نے کوسٹاریکا کی جیت کو یقینی بنا دیا۔

اس سے قبل سنیچر کے روز ہونے والے پہلے مقابلے میں کولمبیا نے یونان کو 3۔0 سے ہرا دیا ہے۔

کچھ دیر بعد اٹلی اور انگلینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔

امید کی جا رہی ہے لوئیز سواریز انگلینڈ کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے۔ لوئز سواریز انگلش پریمئیر کے انتہائی کامیاب سیزن کھیلنے کے بعد قومی ٹیم کے ٹریننگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی گھٹنے کی ’بٹن ہول سرجری‘ کی گئی۔ لوئز سواریز اب ٹرینگ کر رہے ہیں۔

دن کا سب سے اہم میچ انگلینڈ اور اور اٹلی کے درمیان کھیلا جائے گا۔