ورلڈ کپ 2014:ہالینڈ نے دفاعی چیمپیئن سپین کو تباہ کر دیا

سپین کے کپتان گول کیپر انکا کیسیئس نے اپنی زندگی کا بدترین میچ کھیلا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسپین کے کپتان گول کیپر انکا کیسیئس نے اپنی زندگی کا بدترین میچ کھیلا

ہالینڈ نے چار سال پہلے ورلڈ کپ کے فائنل میں سپین کے ہاتھوں شکست کا بدلہ کچھ اس انداز میں لیا جسے دفاعی چیمپیئن سپین مدتوں یاد رکھےگا۔

ہالینڈ نے یہ میچ اپنے تجربہ کار کھلاڑیوں رابن وین پرسی اور ائین رابن کے شاندار گولوں کی بدولت ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔

سپین نے میچ کے ابتدا میں پنلٹی پر گول کر کے برتری حاصل کی تھی جسے ہالینڈ کے فارورڈ روبن وین پرسی نے پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں ایک انتہائی شاندار گول سے ختم کر دیا۔

پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کا سکور ایک ایک گول سے برابر تھا۔

میچ کےدوسرے ہاف میں ہالینڈ نے جس کھیل کا مظاہرہ کیا وہ شاید کوئی اور ٹیم عرصے تک نہ دہرا سکے گی۔

ہالینڈ نے دوسرے ہاف میں چار مزید گول کر کے دفاعی چیمپیئن کو عبرت ناک شکست سے دوچار کیا۔

ہالینڈ کی طرف سے روبن وین پرسی اور ائین روبن دو دو جبکہ سٹیفن ڈی رج نے ایک گول کیے۔

پچھلے ورلڈ کپ میں بھی سپین کو اپنےافتتاحی میچ میں سوئٹزلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی لیکن بعد میں سپین کی ٹیم سنبھل گئی اور ورلڈ کپ میں فاتح رہی تھی۔

روبن وین پرسی نے پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں ایک انتہائی شاندار گول کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنروبن وین پرسی نے پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں ایک انتہائی شاندار گول کیا

اگر ہالینڈ کے کھلاڑی گول کرنے کے تمام مواقعوں سے فائدہ اٹھاتے تو شاید سپین کی شکست اس سے بھی عبرتناک ہوتی تھی۔

میچ کے ابتدائی لمحات میں ہالینڈ پلے میکر ویزلے شنائڈرکو گول کا شاندار موقع ملا لیکن وہ گول کیپر کو مات دینے میں کامیاب نہ ہوئے۔ روبن وین پرسی ایک کک گول پوسٹ سے لگ کر باہر چلی گئی۔

سپین کی طرف سے واحد گول ایکس زیبی الانسو نے پنلٹی کک پر کیا۔

سپین کے کپتان انکا کیسیئس جنہیں ’دیوارِ سپین ‘ تصور کیا جاتا تھا اس میچ میں اپنی زندگی کا بدترین میچ کھیلا۔

سین نے اس بار اپنے ریگولر سٹرائیکر ڈیوڈ ویا اور فرینڈو ٹوریس کی جگہ برازیل میں پیدا ہونے والے ڈیاگو کوسٹا کو ٹیم میں جگہ دی۔

ڈیاگو گوسٹا برازیل کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ برازیلی تماشیائیوں کو ڈیاگو کوسٹا کی ’غداری‘ پسند نہیں آئی اور انھوں نے ان پر آوازیں کسیں۔

سپین کی طرف سے واحد گول ایکس زیبی الانسو نے پنلٹی کک پر کیا۔