نیمار برازیل کی امیدوں کا مرکز

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, ٹم وکیری
- عہدہ, بی بی سی، کھیلوں کے نامہ نگار
ریو میں میرے فلیٹ کے قریب ایک سپر مارکیٹ ہے جہاں کام کرنے والوں نے برازیل کی ورلڈ کپ کی پیلے رنگ کی شرٹس پہنی ہوئی ہیں۔
لیکن برازیل میں اپنی قومی ٹیموں کی شرٹیں پہننا ایک عام معمول ہے تاہم اس سپر مارکیٹ میں ملازمین نے جو شرٹس پہنی ہوئی ہیں ان میں ہر شرٹ پر لکھا نمبر دس ہے نام نیمار کا ہے۔
کچھ عرصے بعد ان شرٹس کو یا تو فریم کرا کے سجایا جائے گا یا پھر جلا دیا جائے گا۔
نیمار کی برازیل میں اس قدر مقبولیت سے اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس ورلڈ کپ میں برازیل کی جیت کا انحصار ان پر کس حد تک ہے۔
گذشتہ چار سال سے برازیل میں فٹبال کے تخت پر نیمار کی حیثیت ایک شہزادے کی سی ہے، اگر برازیل یہ ورلڈکپ جیت گیا تو نیمار شہزادے سے بادشاہ بن جائیں گے لیکن اگر ہار برازیل کا مقدر ہوئی تو ان سے یہ تخت چھن جائےگا۔
نیمار کا کریئر کی دیکھ بھال کرنے والے ان کے والد نے اس خطرے کو سال پہلے ہی بھانپ لیا تھا اور برازیلی فٹبال کلب سینتوس کے ساتھ دو ہزار چودہ تک معاہدہ ہونے کے باوجود وہ ایک سال قبل ہی بارسلونا منتقل ہوگئے تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ان کے والد کی اس فیصلے کی وجہ نیمار کو برازیل میں ہونے والے کنفڈریشن کپ کی لیے سلیکٹرز کی نظروں میں لانا تھا۔ نیمار کے والد کی یہ حکمتِ عملی کارگر ثابت ہوئی۔
نیمار کے کیریئر کے لیے یہ ایک خطرہ تھا تاہم کنفڈریشن کپ میں جاپان کے خلاف میچ میں پہلا گول کر کے انھوں نے اس خطرے کو ٹال دیا۔ لیکن کنفڈریشن کپ کا موازنہ ورلڈ کپ سے نہیں کیا جا سکتا۔
22 سالہ نیمار نے ورلڈ کپ میں اپنے اوپر ڈالی گئی ذمہ داری کو صرف لفظوں سے نہیں بلکہ اعداد و شمار سے ثابت کیا ہے۔
عام طور پر 11 نمبر کی شرٹ پہننے والے نیمار کوگذشتہ برس نمبر 10 کی شرٹ دی گئی، یہ شرٹ کسی عام کھلاڑی کو نہیں دی جاتی بلکہ برازیل کے سب سے اہم کھلاڑی کو پہنائی جاتی ہے۔ ماضی میں یہ شرٹ برازیلی لیجنڈ پیلے اور زیکو پہن چکے ہیں۔
برازیل کے معروف کھلاڑی رونالڈو اور سابق کوچ مانو مانیزیس سمیت دیگر ماہرین کا خیال ہے کہ نیمار کا برازیل میں زیادہ عرصے تک رکنا بطور کھلاڑی ان کی تربیت میں رکاوٹ کا باعث بنا۔
تاہم برازیلی ٹیم کا یہ خیال ہے کہ بارسلونا کے تجربے نے انہیں ایک مکمل کھلاڑی بنا دیا ہے۔
عموماً اس عرصے میں کھلاڑی کی فٹنس سب سے کم درجہ پر ہوتی ہے لیکن برازیل کے فٹنس کوچ کا کہنا ہے کہ نیمار نہ صرف پہلے سے زیادہ تیار ہیں بلکہ وہ پہلے سے زیادہ فٹ کھلاڑی بھی ہیں۔
دیکھنا یہ ہے کہ نیمار برازیل کی امیدوں پر پورا اترتے ہیں یا نہیں۔



