سواریز جلد صحت یاب ہو جائیں گے، گلین جانسن

لوئس سواریز پانچ میچوں کی پابندی کے باوجود پریمیئر لیگ کے سیزین کے اختتام پر 31 گول کر کے سرفہرست رہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنلوئس سواریز پانچ میچوں کی پابندی کے باوجود پریمیئر لیگ کے سیزین کے اختتام پر 31 گول کر کے سرفہرست رہے

انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی گلین جانسن کے مطابق یوراگوائے کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لوئس سواریز 19 جون کو یوراگوئے اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ میچ سے پہلے صحت یاب ہو جائیں گے۔

گلین جانسن نے بتایا کہ ان کی سواریز سے بات ہوئی ہے اور سواریز کا خیال ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ سواریز بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ وہ زخمی ہوں۔

خیال رہے کہ برطانوی کلب لیورپول کی جانب سے کھیلنے والے لوئس سواریز کےگھٹنے میں بدھ کو تربیت کے دوران شدید تکلیف شروع ہو گئی تھی جس کے بعد ان کا آپریشن کرنا پڑا۔

27 سالہ لوئس سواریز کو جن کا گذشتہ جمعرات کو گھٹنے کا آپریشن ہوا، مکمل طور صحت یاب ہونے کے لیے پندرہ دن سے چار ہفتے لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ لوئس سواریز پانچ میچوں کی پابندی کے باوجود پریمیئر لیگ کے سیزین کے اختتام پر 31 گول کر کے سرفہرست رہے۔

لوئس سواریز نے اس سال پروفیشنل فٹ بالر ایسوسی ایشن اور فٹ بال رائٹر ایسوسی ایشن کے پلیئر آف دی ایئر کے ایوارڈ بھی حاصل کیے۔

فٹبال کے ماہرین کا خیال ہے کہ اگر سواریز مکمل طور پر فٹ نہ ہوئے تو یہ یوراگوائے ٹیم کا بڑا نقصان ہو گا اور عالمی کپ میں ان کے جیتنے کے امکانات بہت کم ہو جائیں گے۔

جنوبی امریکہ کے ملکوں کے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راونڈز میں سواریز یوراگوائے کی جانب سے 11 گول کر کے سرفہرست رہے تھے جب کہ ان کی کارکردگی کی بدولت نو ٹیموں میں سے یوراگوائے پانچویں نمبر پر رہی تھی۔