سواریز کی آرسنل کی پیشکش میں دلچسپی

برطانوی کلب لیور پول کے سٹرائیکر لیوس سواریز لندن کلب جانے کے لیے آرسنل سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

سواریز کو یقین ہے کہ آرسنل کلب کی جانب سے لگائی جانے والی 40 ملین پاؤنڈ کی بولی مسترد ہونے کے بعد ان کی معاہدے کی شق کے تحت وہ بولی لگانے والوں سے بات چیت کر سکتے ہیں۔

لیور پول نے سواریز کے معاہدے کی شق کی تشریح دوسری طرح کی ہے تاہم 26 سالہ سواریز لیور پول کلب کے مینیجر برینڈن راجرز کو آرسنل سے ملاقات کرنے کے بارے میں بتائیں گے۔

خیال رہے کہ آرسنل کی جانب سے لگائی جانے والی 40 ملین پاونڈ کی غیر معمولی بولی کی وجہ سے کھلاڑیوں کے معاہدوں میں ایک شق کے مطابق لیور پول اس بات کا پابند ہے کہ وہ سوریز کو کسی دوسرے کلب سے بات چیت کی اجازت دے۔

لیور پول سواریز جیسے قیمتی اثاثے کو اپنے پاس رکھنے کے لیے پر عزم ہے کیونکہ انھوں نے گزشتہ سال لیور پول کی جانب سے کھیلتے ہوئے 44 میچوں میں 30 گول کیے۔

آرسنل سواریز کی لیور پول کے مینجر برینڈن راجرز سے ہونے والی ملاقات کے نتیجے کا انتظار کر رہا ہے۔

سواریز بدھ کو لیور پول کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیل سکتے ہیں۔