فٹبال ورلڈکپ میں استعمال ہونے والی گیند

،تصویر کا ذریعہGetty
اگلے ماہ برازیل میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ سنہ 2014 میں استعمال ہونے والی گیند ’برازوکا‘ کا شمار ان بارہ گیندوں میں ہوتا ہے جو کھیلوں کا سامان تیار کرنے والے ادارے ایڈیڈاس نے فٹبال ورلڈکپ کے لیے بنائی تھی۔
ایڈیڈاس کوچار برس قبل جنوبی افریقہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بنائی جانے والی گیند ’جبولانی‘ کی وجہ سے کھلاڑیوں اور ماہرین کی طرف سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم اس بار ایڈیڈاس کا کہنا ہے کے ان کی نئی گیند کی رفتار اور نشانہ پہلے بنائی جانے والی تمام گیندوں سے بہتر ہے۔
ایڈیڈاس کے فٹبال ڈائریکٹر میتھیاس میکینگ کا کہنا ہے کہ ’ہم نے گیند کی پرواز اور نشانے کے وسیع ترین ٹیسٹ مکمل کیے ہیں اور ان کے نتائج سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ اس گیند کی خط حرکت اور رفتار میں رکاوٹ اور ٹھراؤ کا بلکل بھی احساس نہیں ہوتا‘۔

،تصویر کا ذریعہGetty
’ایرو ڈائی نیمکس‘ یا فضائی حرکیات کی ماہر رابی مہتا نے جن کا تعلق خلائی ادارے ناسا سے ہے، بی بی سی کو بتایا کے فٹبال میں استعمال ہونے والی کسی بھی گیند کی کارکردگی اور گھومنے کا دارومدار گیند کی اوپر کی سطع کی ناہمواری کی شرح پر ہوتا ہے۔
رابی مہتا نے پچھلے فٹبال ورلڈکپ کی گیند جبولانی کے ساتھ ہوائی سرنگ میں ٹیسٹ کیے تھے اور وہ نئی گیند برازوکا بھی معائنہ کر رہے ہیں۔ رابی مہتا کا کہنا ہے کے جبولانی کی باہری سطع بہت ہموار تھی جس کی وجہ سے گیند نہ صرف صحیح طرح سے گھوم نہیں پا رہی تھی بلکے اسے لات مارنے کے بعد کھلاڑیوں کو یہ بھی اندازہ نہیں ہو رہا تھا کے گیند کہاں رکے گی۔

،تصویر کا ذریعہGetty
مہتا کہتے ہیں کہ سطح کی ناہمواری کا اندازہ گیند کی سلائی سے لگایا جاسکتا ہے۔ مہتا کا کہنا ہےکہ اگر برازوکا کا 2006 میں جرمنی میں ہونے والے ورلڈکپ میں استعمال ہونے والی گیند ’ٹیمجسٹ‘ سے موازنہ کیا جائے تو آپ دیکھ سکیں گے کے سلائی کے حصوں کے علاوہ ٹیمجسٹ کے تمام حصے ہموار اور چکنے ہیں۔
رابی مہتا کا کہنا ہے کے نئی گیند برازوکا اس سے بلکل مختلف ہے اور اس کی باہرکی سطح کی ناہمواری کی شرح پچھلی گیندوں سے بہتر ہے، گیند کی باہرکی سطح پر چھوٹے ناہموار نقطے موجود ہیں جو اس کی ہوا میں حرکت کو بہت بہتر بناتے ہیں۔
برازوکا میں پنکھے کی شکل والے چھے پینل کو تھرمل کی مدد سے جوڑا گیا ہے۔ جبولانی میں ان پینل کی تعداد آٹھ تھی جبکے ٹیمجسٹ گیند 16 پینل سے بنائی گئی تھی۔



