ایلکس فرگوسن کا نئےمینیجر کی تقرری میں اہم کردار

سر ایلکس فرگوسن نے 26 سال بعد اپنے عہدے کو چھوڑا تھا تو انھوں نے ڈیوڈ موئزکو اپنا جانشین منتخب کیا تھا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسر ایلکس فرگوسن نے 26 سال بعد اپنے عہدے کو چھوڑا تھا تو انھوں نے ڈیوڈ موئزکو اپنا جانشین منتخب کیا تھا

مانچسٹر یونائیڈ کےسابق مینیجر اور کلب کے ڈائریکٹر سر ایلکس فرگوسن نئے مینیجر کے انتخابات میں اہم کردار ادا کریں گے۔

گزشتہ موسم گرما کے سیزن میں جب یونائیٹڈ کے سابق منیجر سر ایلکس فرگوسن نے 26 سال بعد اپنے عہدے کو چھوڑا تھا تو انھوں نے ڈیوڈ موئزکو اپنا جانشین منتخب کیا تھا۔

سر ایلکس فرگوسن مانچسٹر یونائیٹڈ کی تاریخ کے سب سے کامیاب مینیجر رہے ہیں اور انھوں نے اپنے دور میں 13 پریمیئر لیگ ٹائیٹلوں سمیت مجموعی طور پر 38 ٹرافیاں جیتیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے پریمیئر لیگ کے بقیہ چار میچوں کے لیے کلب کے تجربہ کار کھلاڑی ریان گگز کو عبوری مینیجر مقرر کیا ہے۔ البتہ کلب نے واضح کیا ہے کہ مستقل مینیجر کے لیے ریان گگز کے نام پر غور نہیں کیا جائےگا۔

50 سالہ موئز ایورٹن کو چھوڑ کر یونائیٹڈ کے ساتھ چھ سال کا معاہدہ کیا تھا لیکن ان کا یہ معاہدہ صرف 10 مہینوں میں ہی ختم ہو گیا۔

واضح رہے کہ پریمیئر ليگ میں پوائنٹ کے لحاظ سے یونائیٹڈ آج تک کے اپنے سب سے کم پوائنٹ پر ہے اور اب اس کے صرف چار میچ بچے ہیں۔

موئزکے دور میں یونائیٹڈ کی ٹیم لیگ کے چھ میچوں میں اپنے ہی میدان میں شکست سے دو چار ہوئی ہے۔ وہ ایف اے کپ میں سوانزی سے ہار گئی تھی اور کیپیٹل ون کپ کے سیمی فائنل میں سنڈر لینڈ سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔