ڈیوڈ موئیز ایلکس فرگوسن کے متبادل

انگلش فٹ بال کلب ایورٹن کے موجودہ مینیجر ڈیوڈ موئیز کو مانچسٹر یونائیٹڈ فٹبال کلب کا نیا مینیجر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کے موجودہ مینیجر سر ایلکس فرگوسن چھبیس سال بطور مینیجر رہنے کے بعد اس سال عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
ڈیوڈ موئیز یکم جولائی سے اپنا عہدہ سنبھالیں گے اور ان کا انتخاب سر ایلکس فرگوسن کی سفارش پر ہی ہوا ہے۔
50 سالہ موئیز گزشتہ 11 برس سے ایورٹن سے وابستہ ہیں اور کلب کے ساتھ ان کا معاہدہ اس سیشن کے بعد ختم ہو رہا تھا۔
نئے نام پر تبصرہ کرتے ہوئے ایلکس فرگوسن نے کہا کہ ’موئیز کے نام پر اتفاق رائے تھا۔ ڈیوڈ بہت ایماندار شخص ہیں۔ میں طویل عرصے سے ان کے کام کو پسند کرتا ہوں۔ میں نے 1998 میں انہیں اسسٹنٹ منیجر کا عہدہ دینے کی پیشکش بھی کی تھی۔ ان میں وہ تمام خصوصیات ہیں جو اس کلب کے مینیجر میں ہونی چاہیئیں۔‘
ڈیوڈ موئیز نے اپنی تقرری پر کہا ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کا مینیجر مقرر ہونا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا ’میں اس سے کافی خوش ہوں کہ سر ایلکس نے میرے نام کی سفارش کی۔ انہوں نے جو بھی اس کلب کے لیے کیا، میں اس کا بہت احترام کرتا ہوں۔‘
ایورٹن نے بھی ایک بیان جاری کر کے مینیجر کے طور پر ڈیوڈ موئیز کے کام کی تعریف کی اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ سر ایلکس فرگوسن کے دور میں یونائٹیڈ نے بشمول اس سال کی پریمیئر لیگ کے 38 ٹرافیاں جیتیں جن میں تیرہ پریمیئر لیگ ٹائیلٹل، دو چیمپیئنز لیگ، پانچ ایف اے کپ اور چار لیگ کپ شامل ہیں۔



