مانچسٹر یونائیٹڈ نے مینیجر ڈیوڈ موئزکو برطرف کردیا

،تصویر کا ذریعہGetty
برطانیہ کے معروف فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے دس ماہ قبل مینیجر مقرر کیے جانے والے ڈیوڈ موئزکو برطرف کردیا ہے۔
اس فیصلے کا اعلان ڈیوڈ موئزکو کلب کے ایگزیکٹو نائب چیئرمین ایڈ وڈورڈ کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا گیا۔
گزشتہ موسم گرما کے سیزن میں جب یونائیٹڈ کے سابق منیجر سر ایلکس فرگوسن نے 26 سال بعد اپنے عہدے کو چھوڑا تھا تو انھوں نے موئزکو اپنا جانشین منتخب کیا تھا۔
50 سالہ موئزسے ایورٹن کو چھوڑ کر یونائیٹڈ کے ساتھ چھ سال کا معاہدہ کیا گیا تھا لیکن اب ایسا نظر آ رہا ہے کہ ان کا یہ معاہدہ صرف 10 مہینوں میں ختم ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ پریمیئر ليگ میں پوائنٹ کے لحاظ سے یونائیٹڈ آج تک کے اپنے سب سے کم پوائنٹ پر ہے اور اب اس کے صرف چار میچ بچے ہیں۔
موئزکے دور میں یونائیٹڈ کی ٹیم لیگ کے چھ میچوں میں اپنے ہی میدان میں شکست سے دو چار ہوئی ہے۔ وہ ایف اے کپ میں سوانسی سے ہار گئی تھی اور کیپیٹل ون کپ کے سیمی فائنل میں سندر لینڈ سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔
اس سے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ نے کہا تھا کہ کلب کے مینیجر ڈیوڈ موئزکو برخاست نہیں کیا گیا ہے تاہم ان کے طویل مدتی مستقبل کے بارے میں کچھ کہنے سے انکار کر دیا تھا۔
یونائیٹڈ کے ایک ترجمان نے بس اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انھیں برخاست نہیں کیا گيا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ اس سیزن کے بعد ریٹائر ہو رہے ہیں تو ترجمان نے کہا کہ ’ہم اندازوں پر تبصرہ نہیں کرتے۔‘
برطانوی اخباروں کا کہنا تھا کہ خراب سیزن کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ اس کوچ اور منیجر کی خدمات لینا بند کر دے گا۔
برطانوی اخبار دا ڈیلی میل نے لکھا ہے کہ انھیں اس سیزن کے اختتام سے قبل ہی برخاست کر دیا جائے گا جبکہ ڈیلی ٹیلیگراف کا کہنا ہے کلب کے مالکان میں شامل گلیزر خاندان کی اب انھیں حمایت حاصل نہیں ہے اس لیے ان کی رخصتی ہو رہی ہے۔
دی سن اور ڈیلی مِرر نامی اخباروں نے کہا ہے کہ یونائیٹڈ کا بورڈ موئزکو ہٹانے کے لیے تیار ہے لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ آنے والے ہفتے ناروچ کے خلاف میچ سے قبل اس پر عمل کیا جائے گا یا اس کے بعد۔



