کنیریا کےساتھ کرکٹ کیوں کھیلی، تحقیقات شروع

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ امریکی شہر ہیوسٹن کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں پابندی کے شکار لیگ سپنر دانش کنیریا کی شرکت کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس موقعے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر بدر رفاعی بھی موجود تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جو بھی پیش رفت ہوگی اس سے میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 11 سے 13 اپریل تک ہیوسٹن میں ہونے والے فرینڈ شپ کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستانی کرکٹروں عبدالرزاق، ناصرجمشید، وہاب ریاض اور فواد عالم نے شرکت کی تھی۔
اس ایونٹ میں لیگ اسپنر دانش کنیریا بھی کھیلے تھے جنہیں ان دنوں سپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی پاداش میں تاحیات پابندی کا سامنا ہے۔
دانش کنیریا نے اس پابندی کے خلاف لندن کی عدالت میں اپیل دائر کر رکھی ہے تاہم وہ اس پابندی کی رو سے دنیا بھر میں کسی ایسی کلب کرکٹ میں بھی حصہ نہیں لے سکتے جو اس ملک کے کرکٹ بورڈ فیڈریشن یا ایسوسی ایشن سے منظور شدہ ہو۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال محمد آصف کو ناروے میں اسی طرح کی کلب کرکٹ میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی کی جانب سے اس سوال کا بھی سامنا ہو سکتا ہے کہ بورڈ کے ڈائریکٹر کی ایک ایسے ایونٹ میں موجودگی کیا معنی رکھتی ہے جس میں سپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث کرکٹر نے حصہ لیا؟



