بالی وڈ یوراج کے دفاع میں آگے آگے

یوراج سنگھ نے 21 گیندوں پر صرف 11 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنیوراج سنگھ نے 21 گیندوں پر صرف 11 رنز بنائے

بھارت کے معروف کرکٹر یوراج سنگھ جنھوں نے سنہ 2011 میں بھارت کو ورلڈ کپ کا فاتح بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، وہی آج شائقین کے غیظ و غضب کا شکار ہو رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق چنڈی گڑھ میں ان کے گھر پر برہم شائقین نے پتھراؤ کیا ہے۔

جہاں بہت سے لوگ یوراج سنگھ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور ان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، وہیں بالی وڈ یوراج سنگھ کے دفاع میں سامنے آیا ہے۔

بھارت میں شائقین کی ایک بڑی تعداد اتوار کو ہونے والے ورلڈ ٹی 20 کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف ان کی سست رفتار بیٹنگ کو بھارت کی شکست کا ذمہ دار تسلیم کرتی ہے۔

سوشل میڈیا پر یوراج سنگھ کو مسلسل مذاق اور تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یوراج سنگھ نے 21 گیندوں پر صرف 11 رنز بنائے اور ان کی اس سست رفتار بلے بازی کی وجہ سے بھارت اپنی اننگز کے آخری اوورز میں بہت کم رنز بنا پایا۔

امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں بھارتی ٹیم کو فائنل تک پہنچنے کی مبارکباد دی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں بھارتی ٹیم کو فائنل تک پہنچنے کی مبارکباد دی

ٹوئٹر پر لوگ یوراج سنگھ پر اپنا غصہ اس طرح ظاہر کر رہے ہیں۔ کسی نے ٹوئٹر پر لکھا: ’وجے مالیا کو انھیں (یوراج کو) ’او ایل ایکس‘ پر فروخت کر دینا چاہیے۔‘

واضح رہے کہ اس سال وجے مالیا کی ٹیم نے انھیں آئي پی ایل کی نیلامی میں سب سے زیادہ قیمت پر خریدا ہے۔

ایک دوسرے شخص نے لکھا: ’روڈ پر بنائے جانے والے سپيڈ بریكر کا نام یوراج سنگھ رکھ دیا جانا چاہیے۔‘

دوسری جانب بالی وڈ کے معروف فلم ساز ڈیوڈ دھون کے بیٹے اور اداکار ورون دھون نے ٹوئٹر پر لکھا: ’يووي نے ہمیں ورلڈ کپ جتايا تھا۔ انھوں نے ہم سب کو تب خوشی دی جب وہ کینسر جیسی خوفناک بیماری سے دو چار تھے۔ لوگ اس سب کو کیسے بھول سکتے ہیں؟‘

ہدایتکار مدھر بھنڈارکر لکھتے ہیں: ’کون ہیں یہ بیوقوف جو ایک میچ کے ہار جانے سے يووي کو اتنا برا بھلا کہہ رہے ہیں؟ کیا یہ لوگ بھول گئے ہیں کہ وہ يووي ہی تھے جنھوں نے ہمیں دو ورلڈ کپ جتائے تھے؟۔‘

سچن یوراج کو 2015 کی بھارتی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں
،تصویر کا کیپشنسچن یوراج کو 2015 کی بھارتی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں

اداکار ڈينو موريا نے بھی يوراج کی حمایت کی اور ٹوئٹر پر لکھا: ’یوراج پر غصہ نکالنے والے لوگوں میں دماغ کی کمی ہے۔ کرکٹ ایک کھیل ہے، کوئی جیتتا ہے تو کوئی ہارتا ہے۔‘

مصنفہ شوبھا ڈے نے بھی یوراج سنگھ کا دفاع کرتے ہوئے ٹوئٹر لکھا: ’ہم کتنے کم ظرف ہیں۔ جو یوراج سنگھ کو برا بھلا کہہ رہے ہیں انھیں شرم آنی چاہیے۔‘

سلمان خان کے بھائی اور فلم ساز اداکار ارباز خان نے لکھا: ’یووی ہمارے لیے فتح گر کھلاڑی رہے ہیں۔ کل ان کا دن نہیں تھا اور بدقسمتی سے اس دن فائنل میچ تھا، تاہم وہ عظیم کھلاڑی ہیں۔‘

امیتابھ بچن نے بھی اپنے بلاگ میں ہندوستانی ٹیم کی حمایت کی اور فائنل تک پہنچنے پر ٹیم کو مبارکباد دی۔

اداکار ورون دھون نے یوراج کو برا بھلا کہنے والوں ان کے کارنامے یاد دلائے

،تصویر کا ذریعہHoture

،تصویر کا کیپشناداکار ورون دھون نے یوراج کو برا بھلا کہنے والوں ان کے کارنامے یاد دلائے

ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ’وہ یوراج کے لیے خراب دن تھا۔‘

تندولکر نے ان کی حمایت میں تو یہاں تک لکھ دیا کہ ’ہم جیسے بہت سے لوگ یہ چاہیں گے کہ تم سنہ 2015 کی ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ رہو اور اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرو۔‘

یوراج کے والد یوگ راج نے کہا ہے کہ ’شکست کی ذمہ داری تنہا یوراج پر عائد نہیں کی جا سکتی۔‘