بارش کھل کر کھیلی، سری لنکا فائنل میں

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
شیر بنگلہ سٹیڈیم میں جمعرات کو بارش نے ویسٹ انڈیز کے ساتھ ایسا کھیل کھیلا جس کا جواب اس کے پاس نہ تھا
پہلے سیمی فائنل کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ہوا اور سری لنکا کی ٹیم ویسٹ انڈیز کو 27 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں پہنچ گئی۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز کے 14 ویں اوور میں تیز بارش کے سبب کھیل روک دیا گیا۔اس وقت ویسٹ انڈیز نے چار وکٹوں پر 80 رنز بنائے تھے۔
ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ویسٹ انڈیز کو 13.5 اوورز میں 107 رنز بنانے چاہیے تھے اس طرح وہ اس وقت کی پوزیشن میں 27 رنز پیچھے تھی۔
سری لنکا کی ٹیم تیسری بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں پہنچی ہے۔ سنہ 2009 میں اسے پاکستان اور سنہ 2012 میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی۔
اس میچ میں سری لنکا کو کپتان چندی مل کی خدمات حاصل نہیں تھیں جو خراب بیٹنگ فارم پر میچ سے دستبردار ہوگئے تھے۔
لستھ مالنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جارحانہ آغاز کے بعد اس کی بیٹنگ بری طرح لڑکھڑاگئی لیکن تھری مانے اور میتھیوز کی عمدہ بیٹنگ سکور کو 160 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ تک لے آئی۔
تلکارتنے دلشن اور کوش پریرا نے چند خوبصورت سٹروکس کے ساتھ صرف چار اوورز میں 41 رنز کا کرارا سٹارٹ دے ڈالا لیکن صرف تین گیندوں پر دو وکٹیں گرجانے سے سری لنکا کے خطرناک ارادوں کو کافی متاثر کر دیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
کوشل پریرا دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 26 رنز بناکر سینتوکی کی گیند پر بولڈ ہوئے اور پھر مہیلا جے وردھنے کوئی گیند کھیلے بغیر رن آؤٹ ہوگئے۔
ستم بالائے ستم سری لنکا نے سنگاکارا کی وکٹ بھی ایک رن پر گنوائی۔ دلشن کی 39 رنز کی عمدہ اننگز بھی رن آؤٹ کی نذر ہوئی۔
تھری مانے نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔ اینجیلو میتھیوز نے صرف 23 گیندوں پر 40 رنز بنائے جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
سنیل نارائن کی موثر بولنگ ایک بار پھر قابل دید تھی جنھوں نے اگرچہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کی لیکن ان کے چار اوورز میں صرف 20 رنز بنے۔ دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر کرشمار سینتوکی چار اوورز میں 46 رنز دینے کے خطاوار تھے۔
ویسٹ انڈیز کو اننگز کے آغاز ہی میں لستھ مالنگا نے دو جھٹکے دیے۔ انھوں نے ایک ہی اوور میں کرس گیل اور ڈواین سمتھ کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
ٹورنامنٹ میں پہلی بار کھیلنے والے پرسنا نے اپنی پہلی گیند پر سمنز کو ایل بی ڈبلیو کیا تو تمام تر امیدیں براوو سے وابستہ تھیں۔
براوو نے پاکستانی بولنگ کو تتر بتر کر دیا تھا اس بار بھی ان کے ارادے خطرناک تھے لیکن 30 کے انفرادی سکور پر کولاسیکرا کی گیند پر جے وردھنے کے عمدہ کیچ نے براوو کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔
لیکن پھر تین گیندوں کے بعد ہونے والی بارش نے سٹیڈیم کو جھیل میں بدل دیا اور ویسٹ انڈیز کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔



