ورلڈ ٹی 20: سری لنکن کپتان چندی مل سیمی فائنل سے باہر

سیمی فائنل میں فاسٹ بولر لستھ ملنگا دنیش چندی مل کی جگہ ٹیم کی قیادت کریں گے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسیمی فائنل میں فاسٹ بولر لستھ ملنگا دنیش چندی مل کی جگہ ٹیم کی قیادت کریں گے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈھاکہ

سری لنکن کپتان دنیش چندی مل غیرمتاثر کن کارکردگی کے سبب جمعرات کے روز ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کےسیمی فائنل سے باہر ہوگئے ہیں۔

فاسٹ بولر لستھ ملنگا دنیش چندی مل کی جگہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

چندی مل سلو اوور ریٹ کے سبب معطل کیے جانے کے نتیجے میں نیوزی لینڈ کے خلاف گروپ میچ بھی نہیں کھیلے تھے اور اس میچ میں بھی لستھ ملنگا نے کپتانی کی تھی لیکن اس بار انہیں خراب کارکردگی کے سبب ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے تاہم یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ چندی مل نے خود نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ سیمی فائنل سے قبل ٹیم مینیجمنٹ اور چیف سلیکٹر سنتھ جے سوریا نے اس معاملے پر تفصیلی غور و خوص کیا تھا۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اگر سری لنکا کی ٹیم ویسٹ انڈیز کو ہراکر فائنل میں پہنچ گئی تو لستھ ملنگا ہی ٹیم کی قیادت کریں گے لیکن اگر سری لنکا کی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیت لیتی ہے تو اس صورت میں ٹرافی چندی مل وصول کریں گے۔

چندی مل کا ٹی ٹوئنٹی میں ریکارڈ بہت ہی مایوس کن ہے ۔انہوں نے 26 میچوں میں صرف 13.30 کی اوسط سے 266 رنز بنائے ہیں جس میں صرف ایک نصف سنچری شامل ہے۔

چندی مل نے کپتان کی حیثیت سے ان 26 میچوں میں سے 16 جیتے ہیں لیکن ان میچوں میں ان کے بنائے گئے رنز کی تعداد صرف 111 ہے۔