’میرے پاس لائسنس تھا اور میں نے اونچی شاٹس کھیلیں‘

شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش ٹیم کی بھی کھل کر تعریف کی

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنشاہد آفریدی نے بنگلہ دیش ٹیم کی بھی کھل کر تعریف کی

شاہد آفریدی نے 25 گیندوں پر59 رن بنا کر پاکستان کو ایشیا کپ کے ایک مشکل میچ میں فتح سے ہمکنار کرنے کے بعد کہا ہےکہ ’میرے پاس لائسنس تھا اور میں نے بس اونچی شاٹس کھیلیں۔‘

شاہد آفریدی کو بنگلہ دیش کے خلاف اس شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ کوشش کر سکتے ہیں اور وہ ہی انھوں نے کی۔

ایک سوال کے جواب میں کہ جب آپ کی گیندوں پر بنگلہ دیشی بلے باز شاٹس کھیل رہے تھے تو آپ کے ذہن میں کیا خیالات آ رہے تھے، شاہد آفریدی نے کہا کہ انھیں یہ یقین تھا کہ اس پِچ پر دس اور ساڑھے دس رنز کی اوسط سے رنز بنانا مشکل نہیں ہے اور ایسا ہی ہوا۔

ان سے جب پوچھا گیا کہ ان کا بیٹنگ کوچ کون ہے تو انھوں نے ہنستے ہنستے کہا کہ کوئی نہیں۔ انھوں نے کہا معین خان اور ظہیر عباس ان کا اعتماد اور حوصلہ بڑھاتے رہتے ہیں۔

انھوں نے کہ وہ اپنے کیریئر کے جس مقام پر ہیں وہاں انھیں کوچنگ سے زیادہ اعتماد کی ضرورت ہے اور ان پر ٹیم مینجمنٹ اعتماد کرتی ہے۔

شاہد آفریدی نے بنگلہ دیشی ٹیم کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انھوں نے بہتریں کھیل پیش کیا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کو بولنگ بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور فائنل سے قبل اس کی کوشش کی جائے گی۔

شاہد آفریدی نے بھارت کے خلاف میچ میں بھی آخری اوور میں دو چھکوں کی مدد سے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔