بال ٹیمپرنگ کا الزام لگانے پر ڈیوڈ وارنر کو جرمانہ

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ سنیچر سے شروع ہو گا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشندونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ سنیچر سے شروع ہو گا

آسٹریلیا کے بلے باز ڈیوڈ وارنر پر جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر اے بی ڈویلیئرز پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگانے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

ڈیوڈ وارنز نے ایک ریڈیو انٹرویو میں مبینہ طور پر کہا تھا کہ ڈویلیئرز نے پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران اپنے دستانوں کی مدد سے گیند کو رگڑا تھا۔

میچ ریفری روشن ماہنامہ کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ وارنر نے جرمانے کو قبول کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا ’مجھے یقین ہے کہ وارنر مستقبل میں اس طرح کا بیان جاری کرنے میں احتیاط برتیں گے۔‘

ڈیوڈ وارنر نے اے بی ڈویلیئرز پر الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے جان بوجھ کر گیند کی ایک سائید کو رگڑا تھا تاکہ جنوبی افریقہ کے بالروں کو ریورس سوئنگ کرنے میں مدد ملے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ نے پورٹ الزبتھ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 231 رنز سے شکست دے پر تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔

سنچورین میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 281 رنز سے ہرایا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ سنیچر سے شروع ہو گا۔