ایشیا کپ: پاکستان نے افغانستان کو ہرا دیا

جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلی بیٹنگ کی دعوت دی تھی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنجمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلی بیٹنگ کی دعوت دی تھی

بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 72 رنز سے شکست دے دی ہے۔

افغانستان کی پوری ٹیم 249 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 176 رنز کر آؤٹ ہو گئی۔

افغانستان کی جانب سے نور علی زردان نے سات چوکوں کی مدد سے 44 جب کہ اصغر ستنکزئی نے تین چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/89239" platform="highweb"/></link>

افغانستان کی جانب سے نور علی زدران اور اصغر ستنکزئی نے دوسری وکٹ کے لیے 66 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے تین، سعید اجمل، عمر گل نے دو دو جب کہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جمعرات کو کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلی بیٹنگ کی دعوت دی تو عمر اکمل کی عمدہ بلے بازی کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے۔

پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 55 رنز کا آغاز دیا تاہم اس کے بعد وقفے وقفے سے پاکستانی وکٹیں گرتی رہیں اور آدھی ٹیم صرف 108 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں میں احمد شہزاد کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ احمد شہزاد نے بھی نصف سنچری تو بنائی لیکن ایک غیرضروری شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے۔

عمر اکمل نے اس ٹورنامنٹ میں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعمر اکمل نے اس ٹورنامنٹ میں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے

پہلے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کپتان مصباح الحق بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر عمر اکمل اور انور علی کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 60 رنز کی شراکت ہوئی جس نے پاکستانی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

عمر اکمل نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی اور وہ 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان کا سکور 248 رنز تک پہنچا دیا۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کا دوسرا میچ ہے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ سری لنکا سے بارہ رنز سے ہار گیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان اور افغانستان ایک بار ایک روزہ کرکٹ میچ میں مدِمقابل آئے ہیں اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان یہ میچ جیت گیا تھا۔