سابق کپتان راشد لطیف چیف سلیکٹر مقرر

راشد لطیف ماضی میں پاکستانی کرکٹ میں کرپشن کے معاملے پر آواز اٹھاتے رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنراشد لطیف ماضی میں پاکستانی کرکٹ میں کرپشن کے معاملے پر آواز اٹھاتے رہے ہیں
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور وکٹ کیپر راشد لطیف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔

وہ یکم اپریل سے نئی ذمہ داری سنبھالیں گے اور وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹی کرپشن یونٹ میں بھی اپنا کردار ادا کرینگے۔

راشد لطیف نے بدھ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کی تھی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ راشد لطیف کو قومی سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

راشد لطیف نے تقرری کے بعد بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سلیکشن میں میرٹ کو ترجیح دیں گے اور اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

اس سوال پر کہ انھوں نے تو نجم سیٹھی کی تقرری پر عدالت سے رجوع کیا تھا، راشد لطیف نے کہا کہ ان کا وہ موقف اپنی جگہ قائم ہے لیکن کوئی بھی کرکٹ بورڈ ہو وہ اکیلے نہیں لڑسکتے۔

انھوں نے کہا کہ نجم سیٹھی وہ پہلے چیئرمین ہیں جنہوں نے انہیں بلایا لہذا انہوں نے بھی یہی سوچا کہ کام کرنے کا اچھا موقع ہے اور انہوں نے اس پیشکش کو بہت سوچ سمجھ کر قبول کرلیا۔

راشد لطیف نے کہا کہ انہیں یہ ذمہ داری آئندہ سال ورلڈ کپ تک سونپی گئی ہے وہ جلد ہی سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان کے ناموں کے بارے میں پی سی بی سے مشاورت کرینگے۔

راشد کے مطابق ان کی کوشش ہوگی کہ ایک متوازن ٹیم کی تشکیل میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ میں کچھ ایسے واقعات ہوئے ہیں جس سے ملک کی بڑی بدنامی ہوئی ہے لہذا وہ چاہیں گے کہ انٹی کرپشن کے بارے میں کھلاڑیوں کو آگاہ کرسکیں ۔