انگلینڈ کی آسٹریلیا میں پہلی جیت

،تصویر کا ذریعہAFP
مسلسل پانچ ٹیسٹ میچوں اور تین ایک روزہ میچوں میں شکست کے بعد انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف موجودہ سیریز کے چوتھے ایک روزہ میں بلاآخر کامیابی حاصل کر لی ہے۔
پرتھ میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 317 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 259 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور یوں انگلینڈ نے یہ میچ 57 رنز سے جیت لیا۔
اس میچ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوور میں 317 رنز بنائے تھے جسے آسٹریلیا اوپنر آرون فنچ کی جارحانہ سنچری کے باوجود حاصل نہ کر سکی۔
فنچ نے صرف 111 گیندوں پر 108 رنز بنائے۔ فنچ کے علاوہ آسٹریلیا کا کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔
انگلینڈ کی طرف سے بین سٹوکس نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انھوں نے نو اوور کیے اور صرف 39 رنز دیے۔
انگلینڈ کی طرف سے بلے بازی میں بھی سٹوکس نمایاں رہے۔ انھوں نے 84 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔ لیکن انگلینڈ ٹیم کے 317 رنز بنانے میں سب سے اہم کردار جوس بٹلر کا رہا۔ انھوں نے میچ کے اختتامی اووروں میں بڑی دھواں دھار بیٹنگ کی اور صرف 43 گیندوں پر 71 رنز بنائےْ۔ انھوں نے اس دوران چھ چوکے اور چار چھکے لگائے۔
کپتان کک نے بھی اچھی اننگز کھیلی اور 43 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ اس میچ میں آسٹریلیا کی طرف سے ان کے کپتان مائیکل کلارک نہیں کھیلے۔
انگلینڈ نے اس سیریز میں اب صرف ایک اور ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنا ہیں، جس کے بعد وہ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔



