میلبرن: آسٹریلیا کی چھ وکٹوں سے جیت

فنچ نے 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے
،تصویر کا کیپشنفنچ نے 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے

آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

انگلینڈ آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی ایشز ٹیسٹ سیریز پانچ صفر سے ہار چکا ہے۔

آسٹریلیا نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔

جواب میں آسٹریلیا نے 270 رنز کا ہدف 45.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی اننگز میں بلے باز فنچ نے 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے اور مین آف دی میچ ٹھہرے۔

فنچ کے علاوہ وارنر نے بھی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 65 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے گیری بالانس نے چھ چوکوں کی مدد سے 79 جب کہ ائین مورگن نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے 50 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کلنٹ میکے نے تین اور میس ویل، ڈوہرتھی اور فالکنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے خلاف پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے جائیں گے۔