ایشیا کپ: ’پاکستانی ٹیم کی سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش نے انھیں 25 فروری سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کی سکیورٹی سے متعلق تمام خدشات دور کرانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
لاہور ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی سیاسی جماعتوں نے بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ کرکٹ کو متاثر نہیں کریں گی۔
جماعت اسلامی کے رہنما کی جنگی جرائم کے الزام میں پھانسی کے بعد بنگلہ دیش میں پاکستان مخالف جذبات میں اضافہ دیکھا گیا تھا جس کی وجہ سے پاکستان نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا تھا۔
پاکستانی اور بنگلہ دیش کے کرکٹ حکام کی کل آئی سی سی کے اجلاس کے دوران الگ سے ملاقات ہوئی جس میں یہ یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے دوران ملاقات ہوئی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے: ’بی سی بی نے پی سی بی کو پاکستانی ٹیم کی سکیورٹی کے بارے میں یقین دہانی کرائی ہے، جب کہ آئی سی سی کے اجلاس میں بھی ایشیائی ممالک کے نمائندوں کو ایشیا کپ کی سکیورٹی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔‘



