جوہانسبرگ ٹیسٹ پر بھارت کی گرفت مضبوط

پجارا نے سنچری بنائی ہے اور آؤٹ نہیں ہوئے
،تصویر کا کیپشنپجارا نے سنچری بنائی ہے اور آؤٹ نہیں ہوئے

جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے تیسرے دن کے اختتام پر دو کھلاڑیوں کے نقصان پر دو سو چوراسی رن بنائے ہیں اور اس کو اس میچ میں تین سو بیس رن کی سبقت حاصل کر لی ہے۔

بھارت نے پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم کو دو سو چوالیس رن پر آؤٹ کرکے 36 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔

بھارت کی اننگز میں پوجارا نے ایک سو پینتیس رن بنائے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف کوہلی نے ستتر رن بنائے ہیں۔ دونوں کھلاڑی بڑے پر اعتماد انداز میں کھیل رہے ہیں اور جنوبی افریقہ کے بولروں سے انھیں کس قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہو رہی۔

تیسرے روز جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز پر کھیل کا آغاز کیا تو ان کے بلے باز سکور میں 31 رنز کا اضافہ کر سکے۔ اس اننگز میں ایک موقع پر جنوبی افریقہ کےچھ مستند بیٹسمین 145 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

بھارت کی جانب سےایشانت شرما اور ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے ظہیر خان نے چار چار وکٹیں لیں جبکہ شامی نے دوکھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ایشانت شرما نے ژاک کیلس کو پہلی گیند پر آؤٹ کر کے میچ میں سنسنی پھیلا دی تھی۔

اس سے پہلے بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 280 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88537" platform="highweb"/></link>

جنوبی افریقہ نے دوسرے روز بھارت کے آخری پانچ بیٹسمینوں کو صرف ایک گھنٹے کے کھیل میں پویلین لوٹا دیا۔ بھارت کی تباہی میں میڈیم فاسٹ بولر ورنن فیلینڈر نے اہم کردار ادا کیا اور چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا اور اس کو پہلا نقصان 37 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب اوپنر الویرو پیٹرسن ایشانت شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

ورنن فیلنڈر نے پہلی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں
،تصویر کا کیپشنورنن فیلنڈر نے پہلی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں

اس کے بعد ممتاز بیٹسمین ہاشم آملہ نے کپتان گریم سمتھ کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 130 رنز تک پہنچا دیا۔ اسی سکور پر جنوبی افریقہ کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ ایک سو پیتالیس کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کے چھ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جب آل رونڈر فاف ڈی پلسس اور ورنن فیلیڈر نے مل کر ٹیم کو سہارا دینا شروع کیا اور کھیل کے اختتام تک مزید کسی نقصان کے بغیر ٹیم کا سکور 213 رنز پر پہنچا دیا۔

دوسرے روز کے اختتام پر ورنن فیلینڈر 48 اور فاف ڈی پلیسس 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔

بھارت نے دوسرے روز پانچ وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس نے صرف تیرہ اووروں میں اپنے باقی پانچ وکٹیں گنوا دیں اور پوری ٹیم گذشتہ روز کے سکور میں صرف 25 رنز کا اضافہ کرکے 280 رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئي۔

دوسرے دن بھارت کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان دھونی تھے جو 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد اجنکیا رہانے اپنے سکور میں صرف چار رنز کا اضافہ کر کے چلتے بنے۔ فیلینڈر کی اگلی ہی گیند پر ظہیر خان صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ایشانت شرما اور محمد شامی بھی کوئی رن نہ بنا سکے۔

جمعرات کو گرنے والی پانچ وکٹوں میں سے ورنن فیلنڈر نے تین جبکہ مورنے مورکل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بدھ کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو مرلی وجے اور شیکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا۔

بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 17 رنز کے مجموعی سکور پر شیکھر دھون 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بھارتی ٹیم کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 24 رنز کے مجموعی سکور پر مرلی وجے بھی چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ورات کوہلی نے بھارتی ٹیم کو سنبھالا دیا اور سنچری سکور کی۔ تاہم ان کا ساتھ دینے والے پجارا اور روہت شرما زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے۔

کوہلی 18 چوکوں کی مدد سے 116 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فلینڈر نے مجموعی طور پر چار، مورنی مورکل نے تین جبکہ ڈیل سٹین اور یاک کالس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔

بھارت کی جانب سے وراٹ کوہلی کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی جم کر نہ کھیل سکا
،تصویر کا کیپشنبھارت کی جانب سے وراٹ کوہلی کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی جم کر نہ کھیل سکا

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے بھارت کے خلاف تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔

جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان سنچورین میں کھیلا جانے والے تیسرا ایک روزہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔

ڈربن میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو 134 رنز اور جوہانسبرگ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو 141 رن سے شکست دی تھی۔