انگلینڈ کو فتح کے لیے مزید 537 رنز درکار

آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے کرکٹ میچ میں میزبان ٹیم نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 561 رنز کا بڑا ہدف فراہم کیا ہے۔
برسبین میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کے کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں دو وکٹوں پر 24 رنز بنائے تھے اور یوں اسے ابھی یہ میچ جیتنے کے لیے مزید 537 رنز درکار ہیں۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87887" platform="highweb"/></link>
جب کھیل ختم ہوا تو کپتان الیسٹر کک 11 اور کیون پیٹرسن تین رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں کرینبری کو ریان ہیرس اور جوناتھن ٹراٹ کو مچل جانسن نے پویلین کی راہ دکھلائی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے چائے کے وقفے کے بعد اپنی دوسری اننگز 401 رنز پر ڈیکلیئر کر دی اور یوں اسے انگلینڈ پر 560 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز کی خاص بات ڈیوڈ وارنر اور کپتان مائیکل کلارک کی سنچریاں تھیں۔ ان دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 158 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
ان کے علاوہ بریڈ ہیڈن نے 53 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹریملٹ نے تین جبکہ براڈ اور سوان نے دو، دو وکٹیں لیں۔
اس ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 295 رنز بنائے تھے اور پھر آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلروں نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے انگلستان کی ٹیم کو پہلی اننگز میں صرف 136 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ ایشز سلسلے کی جوابی ٹیسٹ سیریز ہے۔ اس سے قبل رواں سال اگست میں انگلینڈ میں ہونے والی پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تین صفر سے شکست دی تھی۔



