برسبین ٹیسٹ: آسٹریلیا کی تباہ کن باؤلنگ

برسبین میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا کی ٹیم میچ جیتنے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔
آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلروں نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے انگلستان کی ٹیم کو پہلی اننگز میں صرف 136 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
اس کے بعد دوسری اننگز میں آسٹریلوی اوپنروں نے کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 65 رنز بنا لیے تھے اور یوں آسٹریلیا کی مجموعی برتری 224 رنز ہو گئی ہے اور اس کی دس کی دس وکٹیں باقی ہیں۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر مچل جانسن نے پہلی اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرنے کے علاوہ چار وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ان کے علاوہ رائن ہیرس نے بھی تین وکٹیں لے کر انگلستان کی بیٹنگ کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ اوپنر کاربیری کے علاوہ کوئی بھی انگریز کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکا۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87887" platform="highweb"/></link>
انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور کاربیری نے اننگز کا آغاز کیا۔ 28 رنز کے مجموعی سکور پر ایلسٹر کک 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
انگلینڈ کی دوسری وکٹ 55 رنز پر اس وقت گری جب جوناتھن ٹراٹ رنز دس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، حتیٰ کہ پوری ٹیم 136 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
اس سے پہلے آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 295 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
آسٹریلیا کی جانب بریڈ ہیڈن نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 94 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے دوسرے نمایاں بلے باز مچل جانسن رہے، انھوں نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس براڈ نے چھ جبکہ اینڈرسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ یہ ایشز کی ریٹرن سیریز ہے۔ اس سے قبل رواں سال اگست میں انگلینڈ میں ہونے والی پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تین صفر سے شکست دی تھی۔



