لٹل ماسٹر اپنے آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 74 رنز پر آؤٹ

سچن بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری بنا چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنسچن بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری بنا چکے ہیں

دنیائے کرکٹ کے سب سے معروف بلے باز سچن تندولکر نے اپنے 200 ویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں 74 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

یہ سچن کی آخری اننگز ہو سکتی ہے۔ وہ اپنے کریئر کا ریکارڈ 200واں میچ کھیل رہے ہیں۔

سچن اپنے کریئر کی 101ویں سنچری بنانے کی راہ پر گامزن تھے، تاہم اس وقت ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں سناٹا چھا گیا جب ویسٹ انڈیز کے باؤلر دیونرائن کی ایک گیند پر شاٹ لگانے کی کوشش میں ڈیرن سیمی نے سلپ میں ان کا کیچ لے لیا۔

اس میچ میں تندولکر نے اپنے کریئر کی 68ویں نصف سنچری بنائی۔

اس میچ کو دیکھنے کے لیے بھارت کی فلمی دنیا سمیت متعدد اہم شخصیات میدان میں موجود ہیں۔

ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 182 رنز بنائے تھے۔ بھارت کو اس سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

40 سالہ سچن تندولکر اپنے 24 سالہ کریئر میں سو انٹرنیشنل سنچریاں بنا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے کرکٹ کی تاریخ کے سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنائے ہیں اور 2011 میں بھارتی ٹیم کے کرکٹ کا عالمی کپ جیتنے میں مدد کی۔

سچن تندولکر کے آخری ٹیسٹ اور انٹرنیشنل میچ میں شائقین کو اتنی دلچسپی ہے کہ میچ کی ٹکٹیں فروخت کرنے والی ایک ویب سائٹ کھلنے کے چند گھنٹوں میں ہی ناکارہ ہوگئی اور اس پر پہلے گھنٹے میں دو کروڑ ہٹس ہوئے۔

اس ٹیسٹ میچ کے موقعے پر پورے ممبئی میں جشن کا سماں ہے
،تصویر کا کیپشناس ٹیسٹ میچ کے موقعے پر پورے ممبئی میں جشن کا سماں ہے

شائقین نے اس بات پر اعتراض کیا ہے کہ اس میچ کی 33 ہزار ٹکٹوں میں سے صرف پانچ ہزار عام لوگوں کو فروخت کی گئیں جبکہ باقی فلمی ستاروں، سیاستدانوں، کمپنیوں اور سابقہ کھلاڑیوں کو فراہم کی گئیں۔

وانکھیڑے سٹیڈیم کے ارد گرد کا علاقہ بلکہ پورے ممبئی میں سچن کی تصاویر اور کٹ آؤٹ رکھے گئے ہیں۔

تندولکر کی اہلیہ انجلی تندولکر نے مذاقاً کہا ہے کہ اس موقع پر ملنے والے تحائف کے لیے انہوں ایک عجائب گھر کھولنا پڑے گا۔

اس کے علاوہ دنیا بھر سے ان کے ہم عصر کھلاڑیوں کی جانب سے نیک تمنائوں اور تعریف کے پیغامات آ رہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے تندولکر کو کرکٹ کا محمد علی اور مائیکل جارڈن قرار دیا ہے۔