کرکٹ:گیند سے چھیڑ چھاڑ کی تو کپتان ذمہ دار

سال دو ہزار دس میں میچ کے دوران گیند خراب کرنے پر شاہد آفریدی پر دو ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی
،تصویر کا کیپشنسال دو ہزار دس میں میچ کے دوران گیند خراب کرنے پر شاہد آفریدی پر دو ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی

بین الاقوامی کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی کے نئے قوانین کے مطابق اگر کسی بین الاقوامی میچ کے دوران امپائر کوگیند سے کوئی گڑ بڑ کرنے کا پتا چلتا ہے تو اس ٹیم کے کپتان کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

آئی سی سی کے نئے قوانین کا اطلاق بدھ نو اکتوبر سے چٹاگانگ میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ سے ہو گیا ہے۔

اس کے علاوہ ٹیسٹ میچوں میں چھ ماہ کے لیے آزمائشی طور پر 80 اووروں کے بعد دو اضافی ریویوز کی اجازت دی گئی ہے۔

<link type="page"><caption> بال ٹیمپرنگ، روایات اور اقدار مسخ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2010/02/100202_ball_tempering_fact_zee.shtml" platform="highweb"/></link>

نئے قوانین کے تحت اگر میچ کے دوران اگر ایک ٹیم نے گیند کو خراب یا بال ٹیمپرنگ کی ہے اور اس حرکت کو کسی کھلاڑی نے نہیں دیکھا ہے تو گیند کو تبدیل کر دیا جائے گا۔

گیند تبدیل کرنے کے ساتھ اس ٹیم کے کپتان کو حمتی وراننگ یا پہلی اور آخری بار متنبہ کیا جائے گا۔

اگر اس وراننگ کے بعد بھی گیند سے چھیڑ چھاڑ کی جاتی ہے تو اس صورت میں پانچ رن کی پنالٹی دی جائے گی اور گیند کو تبدیل کرتے ہوئے کپتان کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور اس واقعے کی رپورٹ کی جائے گی۔

نئے قوانین کے تحت اگر کسی کھلاڑی کو گیند خراب کرتے ہوئے دیکھ لیا گیا تو اس صورت میں پانچ رنز کی پنالٹی اور گیند تبدیل کر دی جائے گی اور اس کھلاڑی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس کی رپورٹ کی جائے گی۔

اس کے علاوہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹیسٹ میچوں میں چھ ماہ کے لیے آزمائشی طور پر 80 اوورز فی اننگز کے بعد دو اضافی ریویوز شروع کر رہا ہے۔اس سے پہلے ٹیسٹ میچ کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو فی اننگز دو ریویوز کی اجازت تھی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان حال ہی میں ختم ہونے والی ایشز سیریز کے دوران متنازع فیصلوں کی وجہ سے ڈی آر ایس پر تنقید کی گئی تھی۔

ریویوز کے نئے قانون کے مطابق 80 اوورز تک اگر ایک ٹیم کے دو ریویو کامیاب نہیں ہوتے تو اس صورت میں 80 اوورز کے بعد بھی یہ ٹیم زیادہ سے زیادہ دو ناکام ریویو( اگر ریویو میں امپائر کا فیصلہ تبدیل نہیں ہوتا) لے سکتی ہے

اس کے علاوہ آئی سی سی نے ایک روزہ میچوں میں گیند کے استعمال کے بارے میں قانون کو تبدیل کیا ہے۔

نئے قانون کے تحت اگر ایک روزہ میچ میں کسی وجہ سے 50 اوورز کم کر کے 25 کر دیے جاتے ہیں تو اس صورت میں ہر اننگز میں صرف ایک ہی گیند استعمال کی جائے گی۔اس سے پہلے 50 اوورز کے میچ کی ہر اننگز میں دو گیندوں کا استعمال ہوتا ہے۔