’پاک بھارت تعلقات کی بہتری میں کرکٹ اہم‘

پاکستان ٹیک کے کپتان مصباح الحق فیصل آباد وولفز کے کپتان ہیں
،تصویر کا کیپشنپاکستان ٹیک کے کپتان مصباح الحق فیصل آباد وولفز کے کپتان ہیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ میں فیصل آباد کی ٹیم کو کھیلنے کی اجازت دینا پاک بھارت کرکٹ روابط کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

مصباح الحق فیصل آباد وولفز کے کپتان ہیں جو بھارت میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ میں حصہ لے رہی ہے۔ اس ٹیم میں ٹیسٹ کرکٹرز سعید اجمل اور احسان عادل بھی شامل ہیں۔

فیصل آباد وولفز کو بھارتی ویزے جاری کیے جانے کے بارے میں گزشتہ کئی ہفتوں سے بے یقینی پائی جا رہی تھی تاہم جمعہ کو بھارتی حکومت کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔

مصباح الحق نے ہرارے سے بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ فیصل آباد کی ٹیم کی چیمپئنز لیگ میں شرکت سے پاک بھارت کرکٹ روابط کی مزید راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مثبت فیصلہ ہے اور انہیں بہت خوشی ہے کہ وہ دوبارہ بھارت جا کر کھیلیں گے جہاں کرکٹ کے شائقین پاکستانی کرکٹرز کے زبردست مداح ہیں اور وہ انہیں ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں اور اسی طرح پاکستانی شائقین کو بھی بھارتی کرکٹرز کا انتظار رہتا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی بہتری میں کرکٹ ضروری ہے اور انہیں امید ہے کہ دونوں ٹیمیں تواتر کے ساتھ کھیلتی رہیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم گزشتہ دو سال میں دو مرتبہ بھارت جا چکی ہے۔

دو ہزار گیارہ کے عالمی کپ میں پاکستان اور بھارت موہالی کے سیمی فائنل میں مدمقابل تھے۔

گزشتہ سال پاکستانی ٹیم نے بھارت میں تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے تاہم دو ہزار آٹھ کے ایشیا کپ کے بعد سے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئی ہے۔